0
Tuesday 27 Jul 2021 23:32

ناصر شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، محرم کے انتظامات کا جائزہ، شیعہ علماء و اکابرین کی شرکت

ناصر شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، محرم کے انتظامات کا جائزہ، شیعہ علماء و اکابرین کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر برائے مذہبی امور، بلدیات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محرم الحرام میں مجالس کے انتظامات اور امن و امان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علامہ حسین مسعودی، سید شبر رضا، مولانا صادق جعفری، علامہ سید علی عرفان عابدی، علامہ سید اصغر نقوی، علامہ ثقلین حیدر، سید کرار نقوی و دیگر نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، کو آرڈینیٹر برائے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر علامہ جمیل راٹھور، ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ قاضی شاہد پرویز، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لئیق احمد، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ، ڈی آئی جی سی آئی ڈی نعمان صدیقی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے مذہبی امور، بلدیات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کے ایام کے دوران مختلف مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے یہ اجلاس منعقد کیا گیا ہے، اس حوالے سے آج ابتدائی اجلاس ہے جبکہ دوسرا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہوگا جبکہ کراچی میں محرم الحرام میں انتظامات کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نگرانی کریں گے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کے لئے پولیس رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد سے جامع پلان مرتب کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر مذہبی امور بلدیات و اطلاعات نے کہا کہ اس حوالے سے پورے صوبہ میں کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز بھی ڈویژن و ڈسٹرکٹس کی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر اجلاس منعقد کریں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے جبکہ پانی کی فراہمی کے لئے واٹر بورڈ کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجالس کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے کے الیکٹرک کو کہا جائے گا۔ اس موقع پر علمائے کرام نے سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سندھ حکومت کے مشکور ہیں کہ اس نے صحیح وقت پر اجلاس طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پہلے بھی اس حوالے سے اقدامات کئے ہیں اور اس مرتبہ بھی معقول انتظامات کئے جائیں گے اور اس حوالے سے ہم سب آپ سے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔

علماءکرام کی جانب سے مطالبات کئے گئے کہ ضلعی سطح پر علماء پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جبکہ ہر سال علماء کی مختلف اضلاع میں داخلے پر پابندی عائد ہونے کے حوالے سے لسٹ جو کہ یکم محرم الحرام کو جاری کی جاتی تھی اسے پہلے ہی جاری کردیا جائے تاکہ اس کے مطابق مجالس کا انعقاد کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل جیل کراچی میں 20 سال سے عزاداری کی اجازت دی جاتی تھی لیکن گزشتہ 2 سالوں سے کورونا کی وباء کے باعث اس پر پابندی عائد ہے، اس پابندی کو ختم کرکے جیلوں میں عزاداری کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال سندھ کے کئی شہروں میں گھروں میں منعقد ہونے والی مجالس کے اہتمام پر ایف آئی آرز درج کی گئیں تھیں اس سلسلے کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے لئے تیار ہیں جبکہ علمائے کرام سے واپس لی گئی سیکورٹی کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے شرکاء کو یقین دلایا کہ اجلاس میں موجود انتظامیہ نے تمام مسائل سن لئے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایات دیں کہ ان مسائل کو حل کیا جائے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ضلعی سطح پر پیس کمیٹیاں بنائی جائیں گی جن میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو شامل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر برائے مذہبی امور بلدیات و اطلاعات نے افسران پر زور دیا کہ تمام مسائل فوری حل کئے جائیں اور ذمہ داری کسی اور پر منتقل نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے ہوں یا کسی اور کے، کام ہم نے ہی کرنا ہے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے ایڈمنسٹرز کو ہدایت دیں کہ علاقوں کا دورہ کریں اور انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے علماء سے اپیل کی کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کیا جائے اور اپنے خطبات میں عوام کو کورونا ویکسینیشن کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کے مشورے سے ویکسینیشن سینٹرز بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں خود علاقوں کا دورہ کروں گا اور اگر انتظامات میں کوتاہی نظر آئی تو سخت کاروائی کی جائے گی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایف آئی آر، فورتھ شیڈول اور فائر برانڈ اسپیکرز کے ایشوز پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ الگ سے اجلاس منعقد کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 945470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش