QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ پنجاب نے 10 اضلاع میں سی ٹی ڈی کے نئے دفاتر کے قیام کا اعلان کر دیا

28 Jul 2021 13:17

لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ نے اس فورس کیلئے 2 ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشتگردی کے واقعہ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا، ملزموں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کاؤنٹر وائلنٹ ایکسٹریمزم بلاک اور سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول بلاک کا افتتاح کیا۔ دونوں بلاکس کا دورہ بھی کیا اور مختلف حصے دیکھے۔ سی ٹی ڈی ہیلپ لائن (080011111) کا بھی افتتاح کیا۔ سی ٹی ڈی فورس کی پیشہ وارانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھا۔ وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کی جدید انداز میں مہارت اور صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ کو سی ٹی ڈی کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ رینج میں سی ٹی ڈی کے کمانڈوز کی فائرنگ کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ عثمان بزدار نے خود بھی پسٹل سے فائرنگ کی پریکٹس کی۔ عثمان بزدار نے ہائی پروفائل کیسز حل کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے پر سی ٹی ڈی کے افسروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی فورس کیلئے 2 ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشتگردی کے واقعہ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا، ملزموں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کیلئے نئی پوسٹوں پر بھرتی، سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کیلئے اراضی فوری طور پر فراہم کرنے اور مزید 10 اضلاع میں سی ٹی ڈی کے دفاتر کی تعمیر کیلئے اراضی دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوارٹرز تک رسائی کیلئے سڑکوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر ہوگی۔ سی ٹی ڈی کو ڈرون جی ایس ایم لوکیٹر، سنائپر رائفلز اور دیگر آلات فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کیلئے بم ڈسپوزل یونٹ کا قیام عمل میں لائیں گے۔ سی ٹی ڈی کی دیگر ضروریات کو بھی پورا کیا جائے گا۔

 


خبر کا کوڈ: 945560

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945560/وزیراعلی-پنجاب-نے-10-اضلاع-میں-سی-ٹی-ڈی-کے-نئے-دفاتر-قیام-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org