QR CodeQR Code

کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹس، خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں جعلسازیاں

28 Jul 2021 17:30

ذرائع کے مطابق لوگوں نے ویکسین لگائے بغیر ہی نادرا سے سرٹیفکیٹ حاصل کیے، لوگ اب بھی ویکسین لگوانے سے گریز کر رہے ہیں تاہم ضرورت کی وجہ سے جعل سازی سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کرونا ویکسینیشن کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں جعل سازی کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بغیر ویکسینیشن سرکاری اسپتالوں میں اندراج سے متعلق ایک اسکینڈل سامنے آ گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت پختونخوا کے 17 اضلاع کے اسپتالوں میں جعل سازی کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ فراہم کردہ ویکسینز کے مقابلے میں اسپتالوں میں لوگوں کا اندراج زیادہ کیا گیا، یعنی سرکاری اسپتالوں کو اتنی ویکسینز فراہم نہیں کی گئیں جتنے کہ ویکسینیٹڈ لوگوں کا اندارج ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق لوگوں نے ویکسین لگائے بغیر ہی نادرا سے سرٹیفکیٹ حاصل کیے، لوگ اب بھی ویکسین لگوانے سے گریز کر رہے ہیں تاہم ضرورت کی وجہ سے جعل سازی سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں ضلع مردان میں انکوائری مکمل کر لی گئی ہے، مردان کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے خلاف کارروائی بھی کی جا چکی ہے، دیگر اضلاع میں بھی چھان بین کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ڈی جی ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ اوز کو شکایات کی چھان بین کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، بغیر ویکسین لگوائے کرونا سرٹیفکیٹ فراہم کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 945603

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945603/کرونا-ویکسینیشن-سرٹیفکیٹس-خیبر-پختونخوا-کے-سرکاری-اسپتالوں-میں-جعلسازیاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org