0
Wednesday 28 Jul 2021 18:04

اپوزیشن شفاف انتخابی عمل کیلئے انتخابی اصلاحات پر بات کرے، گورنر پنجاب

اپوزیشن شفاف انتخابی عمل کیلئے انتخابی اصلاحات پر بات کرے، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج کی دھمکیوں سے وزیراعظم عمران خان کو دباﺅ میں نہیں لاسکتی، تحریک انصاف سیاسی مخالفین کا ہر محاذ پر بھرپور مقابلہ کرے گی۔ اپوزیشن اگر انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں سنجیدہ ہے تو وہ حکومت کی دعوت پر انتخابی اصلاحات پر بات کیوں نہیں کرتی۔؟ ہم ایسا شفاف انتخابی عمل چاہتے ہیں، جس پر ہارنے والا بھی انگلی نہ اٹھا سکے۔ سیاسی مخالفین کے سوا ہر کوئی ملکی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہا ہے۔ وہ گورنر ہاﺅس لاہور میں صوبائی وزیر سردار آصف نکئی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی دھمکیوں سے ہم خوفزدہ ہونیوالے نہیں اپوزیشن کو چاہیئے کہ وہ میں نہ مانوں کی سیاست کرنے کی بجائے آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کو تسلیم کر لے، کیونکہ عوام نے اپوزیشن نہیں پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ وفاقی درالحکومت میں احتجاج یا دھرنے کی دھمکیوں سے حکومت کو خوفزدہ کر لے گی تو ایسا کسی صورت نہیں ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ عمران خان پہلے کبھی کسی دباﺅ میں آئے ہیں اور نہ ہی آئندہ آئیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو پانچ سال حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے، اس لیے عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر 2023ء میں ہی ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا حکومتی فیصلہ انتخابات کو صاف اور شفاف بنانا ہے، مگر اپوزیشن اس معاملے پر بھی ضد اور انا کی سیاست کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت کرکے اپوزیشن دھاندلی کی حمایت کرے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن شفاف انتخابی عمل چاہتی ہے تو انتخابی اصلاحات پر بات کرے، ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات کی شفافیت پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے، اس لیے اپوزیشن کو بھی اپنا رویہ اور پالیسی تبدیل کرکے انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں سخت فیصلے کرتے ہیں۔ آج پورے پاکستان میں یکساں ترقی کے منصوبے شروع ہیں اور ہر شعبے میں پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہو رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت اور تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 945608
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش