0
Friday 26 Aug 2011 01:38

مسلمانوں کی غیرت کے لیے سب سے بڑا چیلنج آج کی صہیونی ریاست ہے، علامہ محمد امین شہیدی

مسلمانوں کی غیرت کے لیے سب سے بڑا چیلنج آج کی صہیونی ریاست ہے، علامہ محمد امین شہیدی
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے محصورین پاراچنار کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے چھ ہزار بوری آٹا اور ڈیڑھ لاکھ روپے کی لائف سیونگ ادویات پر مشتمل امدادی سامان کی دوسری کھیپ، پاراچنار روانہ کر دی گئی، جبکہ تیسری کھیپ عیدالفطر کے فوراً بعد بھجوائی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 5 سالوں سے ٹل پاراچنار روڈ کی بندش کے سبب اس علاقے کے 7 لاکھ افراد طالبان کے حصار میں ہیں، آئے روز قتل و غارت اور لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ پاراچنار کے مکینوں کا اپنے ہی ملک سے زمینی رابطہ عملی طور پر منقطع ہے جس کی وجہ سے وہاں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ علاج معالجہ کی سہولتوں کے فقدان اور بھوک و افلاس کے سبب دم توڑتے بچے امداد کے لیے اہل وطن کی راہیں دیکھ رہے ہیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اشیائے خوردونوش اور لائف سیونگ ادویات پر مشتمل پہلا امدادی امن کارواں الحمداللہ حکومتی اداروں کی جانب سے کھڑی کی جانے والی تمام رکاوٹیں عبور کرکے کرم ایجنسی پہنچا اور وہاں پر امدادی سامان بلاتفریق مذہب و مسلک محصورین پاراچنار میں تقسیم کیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں علامہ محمد شہیدی کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ عید الفطر کے فوراً بعد پارا چنار ایشو پر سیاسی حوالے سے بھی پیش رفت کی جائے گی اور اس ضمن میں پاریلمٹیرین کا ایک وفد پارا چنار بھجوانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ وہ خود وہاں جاکر علاقہ کی صورت حال جائزہ لے سکیں، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری نے کہا کہ ماہ صیام کے آخری جمعة المبارک کو پورے عالم اسلام میں یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ تمام اسلامی و غیر اسلامی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی امام خمینی رہ کے فرمان کی روشنی میں یوم القدس مناکر انبیاء کی سرزمین فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے امریکی مظالم اور قبلہ اول بیت المقدس کی صہیونی درندوں کے ہاتھوں بے حرمتی کے خلاف پرامن صدائے احتجاج بلند کی جاتی ہے اور اس کی صدائے بازگشت پوری دنیا میں سنائی دیتی ہے۔ فلسطینیوں کی دربدری، قتل عام، ناموس کی پامالی اور صہیونیوں کی درندگی نیز غزہ کے محصورین کی نہایت تشویش ناک صورتحال عالم اسلام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ مسلمانوں کی غیرت کے لیے سب سے بڑا چیلنج آج کی صہیونی ریاست ہے۔ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں عالم انسانیت اور مسلمانوں کا اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے لہٰذا امسال بھی اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور دیگر تمام ملی و علاقائی تنظیموں کی جانب سے پورے ملک میں یوم القدس جوش و خروش اور جذبہ ایثار و قربانی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی القدس ریلی 26 اگست کو بعد از نماز جمعہ مرکزی مسجد اثناء عشریہ G-6/2 سے نکالی جائے گی جو  پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جا کر اختتام پذیر ہو گی۔ اس ریلی میں ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے اکابرین بلاتفریق مذہب و مسلک شریک ہوں گے اور مجلس وحدت مسلمین کے قائدین کے شانہ بشانہ مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے صہیونی مظالم کے خلاف موثر آواز بلند کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 94571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش