0
Thursday 29 Jul 2021 11:49

لاہور ہائیکورٹ: کالعدم تحریک لبیک رحیم یار خان کے رہنما کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج

لاہور ہائیکورٹ: کالعدم تحریک لبیک رحیم یار خان کے رہنما کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تحریک لبیک کے رہنما راشد یاسین کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ عدالت نے عبوری ضمانت خارج کرنے کے حوالے سے تحریری حکم بھی جاری کر دیا۔ جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس شان گل پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان رحیم یار خان کے رہنما راشد یاسین کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے لکڑی کے ڈنڈے سے پولیس انسپکٹر پر حملہ کیا۔ سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد احتجاج کے باعث متعدد کانسٹیبلز زخمی بھی ہوئے، کوئی بھی ایسے واقعہ کے بعد امن و امان کی صورتحال کا اندازہ کر سکتا ہے، عوام الناس کی سکیورٹی کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے۔
 
فیصلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کی ہمراہ پولیس پر حملہ کر کے خوف و ہراس پھیلایا۔ اپریل کے مہینے میں وقوعہ قومی اخبارات میں بھی شائع ہوا۔ درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے اس کا نام صرف انتخاب لڑنے کی وجہ سے مقدمہ میں نامزد کیا۔ درخواستگزار جائے وقوعہ پر موجود ہی نہیں تھا۔ پولیس نے بدنیتی کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا۔ درخواستگزار ملزم کی جانب سے عبوری ضمانت کنفرم کرنے کی استدعا کی گئی۔ جبکہ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم مقدمہ میں نامزد ہے، ملزم کے قبضہ سے ڈنڈا بھی برآمد کیا گیا، ملزم کی سربراہی میں رحیم یار خان کے علاقے میں خوف ہراس پھیلایا گیا۔ ملزم عبوری ضمانت کا حقدار نہیں۔ سرکاری وکیل نے درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔ جس پر ہائیکورٹ نے ملزم کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔
خبر کا کوڈ : 945719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش