QR CodeQR Code

کشمیر کیلئے ریاستی درجہ کی بحالی موزون وقت پر ہوگی، بھارت

29 Jul 2021 14:39

بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ جنگجوئیانہ سرگرمیاں کے ساتھ ساتھ ایسے افراد اور عناصر کی نقل و حرکت پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے، جو عسکریت پسندی کو مختلف طرز کی مدد فراہم کرنے میں ملوث رہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی حکومت نے بدھ کے روز اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کو موزون وقت پر ریاستی درجہ دیا جائے گا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیا آنند رائے نے شیوسینا کے رُکن پارلیمان پرینکا چتر ویدی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے تحریری جواب میں ایوان بالا کو یہ جانکاری فراہم کی کہ معمول کے حالات بحال ہوتے ہی موزون وقت پر جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کو بحال کیا جائے گا۔ بھاجپا ممبر سمت پاترا کی جانب سے جموں و کشمیر کی تازہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے ایک اورسوال کے جواب میں مرکزی وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ واقعات میں کافی کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2019ء کے مقابلے میں 2020ء میں ایسے واقعات میں 59 فیصد کمی درج ہوئی جبکہ رواں سال ماہ جون تک جموں و کشمیر میں جاری جنگجوئیانہ واقعات میں 32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ نتیا آنند رائے نے کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر میں دہشتگردی کے تئیں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے اور ساتھ ہی سیکورٹی ایجنسیوں کو مضبوط بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیوں نے جنگجو گروپوں کی جانب سے پیدا کئے جانے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔

بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ جنگجوئیانہ سرگرمیاں کے ساتھ ساتھ ایسے افراد اور عناصر کی نقل و حرکت پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے، جو عسکریت پسندی کو مختلف طرز کی مدد فراہم کرنے میں ملوث رہتے ہیں۔ مرکزی وزیر نے وادی کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری کے بارے میں ایوان بالا کو بتایا کہ اس وقت کشمیری پنڈتوں اور ڈوگرہ ہندوؤں کے 900 کنبے کشمیر میں رہائش پذیر ہیں اور حکومت ان کنبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اُٹھارہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 945733

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945733/کشمیر-کیلئے-ریاستی-درجہ-کی-بحالی-موزون-وقت-پر-ہوگی-بھارت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org