QR CodeQR Code

مرکزی سیکرٹریٹ میں جشن غدیر

آئی ایس او کے جوان ولایت کی امیدوں کا مرکز ہیں، عارف حسین

جشن کے آخر میں کیک بھی کاٹا گیا

29 Jul 2021 17:10

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر لاہور میں جشن غدیر سے خطاب میں مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ولایت ہمارے جوانوں کے خون میں اتنی رچی بسی ہونی چاہیئے کہ خون کا ہر قطرہ ولایت کی گواہی دے۔ آج ہمیں ملک، قوم اور دین کیساتھ عہد کرتے ہوئے خطبہ غدیر کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام عید غدیر کے موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ المصطفیٰ ہائوس لاہور میں جشن غدیر منایا گیا۔ جشن غدیر سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین نے خطاب کیا۔ المصطفیٰ ہاوس یونٹ کے اراکین نے بارگاہ رسول (ص) میں ہدیہ نعت اور اہل بیت علیہم السلام کی شان میں منقبت اور قصیدے پیش کیے۔ جشن غدیر سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین نے کہا کہ واقعہ غدیر اسلامی تاریخ کا عظیم واقعہ ہے۔ اس موقع پر رسول خدا (ص) نے خداوند کریم کے حکم کے مطابق دین کے مکمل ہونے کا اعلان کیا۔ آج مسلمانوں کی مشکلات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مسلم حکمرانوں نے اپنا رول ماڈل اسلام کی بجائے مغرب کو بنا رکھا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلم حکمرانوں کا آپس میں اختلاف دشمن کو کارروائی کا موقع دے رہا ہے۔ مسلمانوں کی مشکلات کا حل باہمی اتحاد و وحدت میں ہے۔

مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کے جوان ولایت کی امیدوں کا مرکز ہیں، ولایت، ہمارے جوانوں کے خون میں اتنی رچی بسی ہونی چاہیئے کہ خون کا ہر قطرہ ولایت کی گواہی دے۔ آج ہمیں ملک، قوم اور دین کیساتھ عہد کرتے ہوئے خطبہ غدیر کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت پورا عالم اسلام آج غدیر کی خوشیاں منا رہا ہے۔ آج کا دن اسلام کی تکمیل کا روز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جس میں کسی قسم کی شدت نہیں پائی جاتی، اسلام تو امن و آشتی کا پیغام دیتا ہے۔ اگر طاقت کے زور پر اسلام پھیلانا ہوتا تو ہمارے نبی طائف کے بدووں سے پتھر کھانے کے باوجود بھی دعا نہ کرتے۔ آج ہم مغرب کے پیغام کو تو عام کرتے ہیں، لیکن اسلام کے عالمی پیغام کو عام نہیں کرتے۔ جشن غدیر کے آخر میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی دعا کرائی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔


خبر کا کوڈ: 945771

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945771/آئی-ایس-او-کے-جوان-ولایت-کی-امیدوں-کا-مرکز-ہیں-عارف-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org