QR CodeQR Code

غاصب صیہونیوں کی سیدھی فائرنگ سے 12 سالہ فلسطینی بچہ شہید

29 Jul 2021 17:52

غاصب صیہونی فوج نے فلسطینی مغربی کنارے میں اپنے والد کے ہمراہ گاڑی میں محو سفر 12 سالہ فلسطینی بچے کو سینے میں متعدد گولیاں مار کر شہید کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی فوجیوں کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ غاصب صیہونیوں نے اپنے تازہ اقدام میں ایک 12 سالہ فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فلسطین کے مغربی کنارے میں 12 سالہ محمد العلامی اپنے والد کے ہمراہ ذاتی گاڑی میں کہیں جا رہا تھا کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر کے اسے موقع پر ہی شہید کر دیا۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق اس فلسطینی بچے کو بيت امر نامی علاقے میں داخل ہوتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے باعث وہ موقع پر ہی شہید جبکہ اس کا والد مؤید العلامی زخمی ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق محمد کو زیادہ تر سینے پر گولیاں ماری گئی تھیں جسے بعد ازاں اس کے والد کے ہمراہ الاھلی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی۔ اس حوالے سے مقامی مزاحمتی رہنما یوسف ابوماریا نے صفا کو بتایا کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے دونوں باپ بیٹا کو، یہ جانتے ہوئے کہ وہ مسلح نہیں، انتہائی قریب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔




خبر کا کوڈ: 945784

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945784/غاصب-صیہونیوں-کی-سیدھی-فائرنگ-سے-12-سالہ-فلسطینی-بچہ-شہید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org