QR CodeQR Code

پاکستان کی سعودی عرب کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت

29 Jul 2021 18:25

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر سعودی سرمایہ کاروں کو پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا اور اس دورے میں انہوں نے صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا، اس کے ساتھ ساتھ افغانستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر بھی بریفنگ دی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک-سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات کی گئی اور سی پیک میں سعودی سرمایہ کاروں کو دعوت دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ سطح کی مشاورتی کونسل کے ڈھانچے اور طریقہ کار پر بھی بات کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو پاکستانی کام کے لیے سعودی عرب واپس نہیں جا سکے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے ساتھ پاکستانی ورکرز کے ویزے کے معاملے پر بھی بات کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بحرین کے دورے پر موجود ہیں، جہاں دونوں ملکوں نے تجارت اور کاروبار سمیت مشترکہ سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے بحرین کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس سے قبل چین کا دورہ بھی کیا اور اس دورے میں کووڈ 19 سمیت باہمی تعاون کو فروغ دینے اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو درپیش مسائل پر بھی چینی حکام سے بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اسرائیلی جاسوس پیگاسس کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہیں، جس کے ذریعے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے فون کی جاسوسی کی گئی۔ بھارت کی جانب سے پاکستانیوں کی جاسوسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سمیت سینکڑوں صحافیوں اور دیگر افراد کے فون کی بھی جاسوسی کی گئی۔ اقوام متحدہ اس حوالے سے بھارت کے ان اقدامات پر آزادانہ تحقیقات کرائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی طور پر آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس وقت بھی بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ، انسانی حقوق کونسل سمیت عالمی رپورٹس موجود ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چین اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی جہاں تک بات ہے تو چین کا خطے میں اہم کردار ہے جبکہ پاکستان نے ہمیشہ افغان مسئلے کے سیاسی حل کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان بین الافغان مذاکرات کے لیے کردار ادا کرتے رہے ہیں اور یہی وقت ہے کہ تمام توانائیاں افغان مسئلے کے سیاسی حل پر لگائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جامع اور وسیع البنیاد سیاسی حل بہت ضروری ہے جبکہ خطے میں بھارت نے ہمیشہ اسپائلر کا کردار ادا کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 945786

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945786/پاکستان-کی-سعودی-عرب-کو-سی-پیک-میں-سرمایہ-کاری-دعوت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org