QR CodeQR Code

طوفانی بارشوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود حفاظتی اقدامات نہ اٹھائے گئے، محمد جاوید قصوری

29 Jul 2021 19:29

لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں کی بارش سے دارالحکومت اسلام آباد سیلاب کی نذر ہوگیا، دیگر علاقوں میں بھی صورتحال گھمبیر ہے، مگر مجال ہے کہ انتظامیہ اپنی مجرمانہ غفلت کو تسلیم کرے بلکہ الٹا اپنی ناقص کارکردگی کا ملبہ بھی عوام پر ڈال کر بری الذمہ ہونا چاہتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ، زرعی ملک ہونے کے باوجود اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایک لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت ایک طرف جبکہ دوسری جانب عوام حکمرانوں کی آنی جانیاں دیکھ رہے ہیں۔ حکمرانوں کے طوفانی دوروں اور محض زبانی جمع خرچ سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں کی بارش سے دارالحکومت اسلام آباد سیلاب کی نذر ہوگیا، دیگر علاقوں میں بھی صورتحال گھمبیر ہے، مگر مجال ہے کہ انتظامیہ اپنی مجرمانہ غفلت کو تسلیم کرے بلکہ الٹا اپنی ناقص کارکردگی کا ملبہ بھی عوام پر ڈال کر بری الذمہ ہونا چاہتی ہے۔

طوفانی بارشوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی نے عوام کا برا حال کر دیا ہے۔ 22 کروڑ عوام سے کیے گئے وعدوں میں کوئی ایک وعدہ بھی تکمیل تک نہیں پہنچا۔ المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس اہل افراد اور ویژن کی کمی ہے۔ وزیراعظم صبح جو وعدہ کرتے ہیں، شام میں اس پر یوٹرن لے لیتے ہیں۔ تبدیلی کے نام پر برسر اقتدار آنے والی حکومت بھی بے نقاب ہوچکی ہے، مگر اب وقت آگیا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کریں، بصورت دیگر ان کا انجام بھی ماضی کی حکومتوں جیسا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 945793

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945793/طوفانی-بارشوں-کی-پیشگی-اطلاعات-کے-باوجود-حفاظتی-اقدامات-نہ-اٹھائے-گئے-محمد-جاوید-قصوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org