QR CodeQR Code

حکومت عوام کے نام پر لئے گئے 1240 ارب روپے کورونا فنڈ کا حساب دے، جماعت اسلامی

29 Jul 2021 23:21

اپنے ایک بیان میں صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا کہ حکمران کورونا کے نام پر عوام کو دھمکانے کی بجائے ملک کے اسپتالوں میں صحت کی سہولیات فراہم کریں، لاک ڈاﺅن سے پہلے بیروزگاری اور مہنگائی سے تنگ عوام کو گھروں تک بنیادی ضروریات فراہم کرکے جینے کا حق دیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کورونا کے نام پر بیرونی ممالک سے ملنے والی امداد کے 1240 ارب روپے کا حساب قومی اسمبلی کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں پیش نہ کرنے اور خلاف ضابطہ تقسیم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران کورونا کے نام پر عوام کو دھمکانے کی بجائے ملک کے اسپتالوں میں صحت کی سہولیات فراہم کریں، لاک ڈاﺅن سے پہلے بیروزگاری اور مہنگائی سے تنگ عوام کو گھروں تک بنیادی ضروریات فراہم کرکے جینے کا حق دیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ کورونا فنڈ کی مد میں بیرونی ممالک، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے ملنے والی امداد کے 1240 ارب روپے کی تقسیم اور خرچ کرنے کی تفصیلات سیکریٹری خزانہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں پیش نہیں کرسکے، کمیٹیوں کے بہانے پر قوم کے نام پرملنے والے 1240 ارب روپے ٹھکانے لگانے کا انتظام کیا جا رہا ہے، جو تبدیلی سرکار کی کرپشن فری دعوؤں اور وعدوں کی نفی ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ ایک طرف بجلی، گیس، پیٹرول، ایل پی جی سمیت روزہ مرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، تو دوسری جانب حکمرانوں، عدلیہ اور دیگر اداروں کی سیکورٹی کے نام پر اربوں روپے کے اخراجات اور وفاقی و صوبائی حکومتیں کرپشن کا بازار گرم کرکے عوام کے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت آنے کے بعد ایک بار پھر کاروباری بندشوں اور لاک ڈاﺅن کا عندیہ عوام کو مزید بھوک و افلاس اور غربت کے دلدل میں دھکیلنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام بڑی پارٹیوں اور رہنماﺅں نے حالیہ آزاد کشمیر الیکشن میں ایس او پیز کی دھجیاں اڑائیں، آخر تمام تر پابندیاں عوام کیلئے ہی کیوں، حکومت پہلے 1240 ارب روپے کا حساب، مزدور اور کم اجرت والے افراد کیلئے گھروں تک تمام تر سہولیات فراہم کرنے کا بندوبست کرے تاکہ مجبوری میں نافذ کئے گئے لاک ڈاﺅن میں عام آدمی کی زندگی متاثر ہونے سے بچایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 945828

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945828/حکومت-عوام-کے-نام-پر-لئے-گئے-1240-ارب-روپے-کورونا-فنڈ-کا-حساب-دے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org