QR CodeQR Code

پی ٹی آئی، نون لیگ اور پی پی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، سراج الحق

30 Jul 2021 01:18

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلامیان پاکستان کو متحد ہو کر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پی میں غربت اور پسماندگی ختم کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔ صرف دعوﺅں اور وعدوں پر ڈنگ ٹپاﺅ پالیسی جاری ہے۔ صوبہ میں تعلیم و صحت کے شعبوں اور انفراسٹرکچر کا برا حال ہے۔ فاٹا کے انضمام کے وقت کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے۔ حکومت نے اب تک کاغذوں پر فاٹا کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا، عملی اقدامات زیرو ہیں۔ حکومت بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والے عوام کے مالی نقصانات کا ازالہ کرے۔ وزیراعظم غریبوں کو چھت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریں۔ اسلامیان پاکستان کو متحد ہو کر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔ جماعت سے وابستہ افراد قرآن وسنت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں کارکنان جماعت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی، نون لیگ اور پی پی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، تینوں جماعتیں آئی ایم ایف کی غلامی، سودی معیشت کو جاری رکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مفادات کی سیاست نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ جمہوریت کے نام پر قوم کو عرصہ دراز سے دھوکہ دیا جاتا رہا ہے۔ مارشل لاز نے رہی سہی کسر نکال دی۔ پاکستان کی ترقی کے لیے یہاں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنا ہوگا۔ جمہوریت کو اسلامی اصولوں کے تابع کرنے سے ہی عوام کی بہتری ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دو فیصد سے کم طاقتور افراد نے قبضہ کر رکھا ہے۔ چہرے بدل بدل کر وہی لوگ اقتدار کے ایوانوں میں آجاتے ہیں۔ انتخابات میں جس کے پاس جتنا پیسہ ہو، اس کی کامیابی کے اتنے ہی زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کی ضرورت ہے اور یہ کام صرف اور صرف عوام کی طاقت سے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرامن جمہوری انقلاب وقت کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 945842

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945842/پی-ٹی-آئی-نون-لیگ-اور-کی-پالیسیوں-میں-کوئی-فرق-نہیں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org