0
Friday 30 Jul 2021 22:12

کراچی، مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے زیر اہتمام جشن عید غدیر و چراغاں کا انعقاد

کراچی، مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے زیر اہتمام جشن عید غدیر و چراغاں کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ضلع وسطی کے زیر اہتمام جشن عید غدیر میں منقبت خوانی کے علاوہ بچوں کے لئے جھولوں، بچیوں کے لئے مہندی اور فیس پینٹنگ سمیت عیدی کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مومنین و مومنات باالخصوص بچوں کی کثیر تعداد جشن میں شریک تھی۔ تفصیلات کے مطابق عید سعید غدیر کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم ضلع وسطی کے زیر اہتمام جشن عید غدیر کا انعقاد علامہ رشید ترابی پارک انچولی بلاک 20 پر ہوا۔ جشن کا آغاز تلاوت حدیث کساء سے ہوا، جشن میں معروف منقبت خواں حضرات نے بارگاہ مولا امیر المومنین علیؑ ابن ابیطالب ؑ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ جشن کے موقع پر چراغاں اور آتش بازی کے علاوہ بچوں کے لئے جھولوں، بچیوں کے لئے مہندی اور فیس پینٹنگ سمیت عیدی کا بھی خصوصی انتظام تھا، جس میں بچوں اور بچیوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ جشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ ولایت ایک ایسا موضوع کہ اللہ سبحان تعالیٰ نے سب سے زیادہ جس شے کے طرف دعوت دی ہے اور لوگوں کو بلایا ہے وہ ولایت اہلبیتؑ ہے، اللہ تعالیٰ نے ولایت ایک ایسا جز رکھا ہے کہ جس کے بغیر کوئی عبادت قبول نھیں ہوتی، ولایت روح عبادت ہے، ولایت روح نماز ہے، ولایت روح روزہ ہے، ولایت روح حج ہے لہذا جتنی بھی عبادتیں ہیں ان کی روح ولایت مولائے کائنات امام علیؑ ہے، ولایت اہلبیتؑ ہے۔

علامہ حیات عباس نجفی نے کہا کہ غدیر ایک ایسا دن ہے کہ جسے صادق آل محمد، امام جعفر صادقؑ و دیگر آئمہؑ نے عید اللہ اکبر یعنی سب سے بڑی عید قرار دیا ہے، یعنی عیدالفطر اور عیدالاضحی بھی اگر عید بنی ہیں توبھی عید غدیر کی بدولت ہے۔ علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذمہ داران و کارکنان سمیت تمام شیعہ جوانوں، ملی اداروں، ماتمی انجمنوں، مساجد و امام بارگاہوں کے ذمہ داران نے ناصرف انچولی بلکہ ملک کے گوشے گوشے کو نور ولایت علیؑ ابن ابیطالبؑ سے منور کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیؑ کے ماننے والوں نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو میدان خم غدیر میں بدل دیا ہے، جہاں دیکھیں نور ولایت کے پروانے اعلان ولایت پر جشن منا رہے ہیں۔ جشن کے اختتامی مرحلے میں علامہ صادق جعفری، ظہیر حیدر زیدی، زین رضا رضوی اور عسکری رضوی نے عید غدیر کی مناسبت سے بچوں میں عیدی تقسیم کی، اس دوران آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا اور مومنین و مومنات کی خدمت میں نیاز مولائے کائناتؑ پیش کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 945953
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش