QR CodeQR Code

شہید قائد علامہ عارف الحسینی کے افکار کو فراموش نہیں ہونے دینگے، علامہ باقر زیدی

30 Jul 2021 22:20

اپنے ایک بیان میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم سندھ نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے پیروکار اور جانثار اس عزم کے ساتھ مشن کو لے کر چل رہے ہیں کہ سرزمین پاکستان پر امریکی و صہیونی ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دینگے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ علامہ شہید عارف حسین الحسینی (رہ) اتحاد امت کے داعی اور علمبردار تھے، عالمی استعمار امریکا و اسرائیل کے ایجنٹوں نے علامہ عارف حسینی کو شہید کرکے پاکستان کو ایک عظیم فرزند اسلام سے محروم کر دیا، عاشقان شہید حسینی اتحاد و اخوت کے علم کو بلند رکھیں گے اور افکار شہید عارف حسینی کو فراموش نہیں ہونے دیں گے، شہید قائد کی شہادت سے پاکستان ایک عظیم قیادت اور اسلام اپنے ایک عظیم فرزند سے محروم ہوا، تاہم علامہ عارف حسین الحسینی کے پیروکار اور جانثار اس عزم کے ساتھ مشن کو لے کر چل رہے ہیں کہ سرزمین پاکستان پر امریکی و صہیونی ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملت تشیع اپنے شہداء اور محسنوں کو یاد رکھنے والی قوم ہے، شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی نے شاندار انداز سے اپنی قوم کی فکری رہنمائی کی ہے اور باوقار زندگی گزارنے کا شعار دیا ہے، ایسے عظیم قائد کی تعلیمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ عارف حسینی وحدت و اخوت کے حقیقی داعی تھے، انہوں نے دانش و بصیرت کے دامن کو کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑا، جذباتی فیصلوں کی بجائے فہم و فراست سے معاملاتِ کو سلجھانے پر انہیں غیر معمولی گرفت حاصل تھی، وہ عالمی استعماری طاقتوں کے خلاف ایک نا دبنے والی آواز تھے۔ انہوں نے عالم اسلام کے دشمنوں کے چہرے سے نقاب نوچ کر دنیا کے سامنے ان کا سیاہ چہرہ واضح کیا، اس بے مثال قائد کی یاد شیعہ سنی علماء، اکابرین اور کارکنان ہر سال مل کر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم اگست کو راولپنڈی میں شہید قائد کی 33ویں برسی ایک یادگار تقریب ہوگی، سندھ تا گلگت و بلتستان ملک کے مختلف صوبوں سے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان قرآن و اہلبیت ؑ کانفرنس میں شریک ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 945954

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945954/شہید-قائد-علامہ-عارف-الحسینی-کے-افکار-کو-فراموش-نہیں-ہونے-دینگے-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org