0
Friday 30 Jul 2021 22:37

مجالس اور جلوس عزاء کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے، کمشنر کوئٹہ

مجالس اور جلوس عزاء کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے، کمشنر کوئٹہ
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفند یار خان نے کہا ہے کہ سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاسوں کا انعقاد جاری ہے۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے موجود ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کرونا ویکسینیشن قریب ترین سینٹرز میں سہولت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس، جلوسوں و دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس کے علاوہ اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کے ملازمین خفیہ نگرانی کے لئے متعین کئے جائیں گے۔ سکیورٹی پلان کے تحت تھانوں کی سطح پر علاقے میں کرایہ کے مکانوں، ہوٹلوں اور شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور سکیورٹی کا نظام پہلے ہی سے موثر طور پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ کالے شیشوں اور مشکوک رکشہ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مشتبہ اشخاص اور مشتبہ گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ کی جائے گی، نیز ڈبل سواری پر دفعہ 144 کے تحت پابندی کے بعد موٹر سائیکل کے لئے خواتین، بچے، بزرگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنٰی ہونگے۔ کوئٹہ شہر میں بھیک مانگنے والے افراد، خوانچہ فروش ریڑھی والوں کو بھی جلوس کے روٹ، امامبارگاہوں، مقامات مجالس کے قریب جانے کی قطعاً اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس کنٹرول روم قائم ہوگا اور عاشورہ کے جلوس کے موقع پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹرنگ اور عملی اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے واقعات کے پیش نظر سکیورٹی سخت ہونے کے ساتھ دیگر اہم اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ جس میں اچانک چیکنگ، مشکوک رہائش گاہوں کی سرچنگ، بند دکانوں اور مکانوں کی چیکنگ کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر کرایہ داری ایکٹ کے تحت کرائے کے مکانوں میں رہائش پذیر افراد کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 945957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش