QR CodeQR Code

پاراچنار، ڈاکٹروں کی ہڑتال کیخلاف مریض سڑکوں پر نکل آئے

30 Jul 2021 23:55

ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث علاج نہ ملنے کی وجہ سے مریضوں اور کرونا ویکسین لگانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور احتجاجاً مریضوں اور لواحقین نے صدہ پاراچنار روڈ آمد و رفت کیلئے بند کردیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں ٹریفک پولیس کی جانب سے لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ ہتک آمیز روئیے کے خلاف ڈاکٹروں نے ہڑتال کی، جس پر مریضوں نے علاج نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو آمد و رفت کے لئے بند کردیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق گزشتہ روز پاراچنار ہسپتال کی ایک لیڈی ڈاکٹر ڈیوٹی کیلئے ہسپتال جارہی تھی کہ ٹریفک پولیس نے روکا اور ہتک آمیز روئیے کے ساتھ پیش آئے، جس پر ٹریفک پولیس اور لیڈی ڈاکٹر کے ڈرائیور کے مابین ہاتھا پائی ہوئی اور ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کردی گئی۔ واقعے کے خلاف پاراچنار کے ڈاکٹروں نے احتجاج کیا اور او پی ڈی بند کردی اس موقع پر ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر کے خلاف اس قسم کا ہتک آمیز رویہ برداشت نہیں کرینگے جبکہ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالقدوس کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ہسپتال آمد و رفت کیلئے باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا جائے اور انہیں باعزت طریقے سے جینے کا حق دیا جائے۔

ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث علاج نہ ملنے کی وجہ سے مریضوں اور کرونا ویکسین لگانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور احتجاجاً مریضوں اور لواحقین نے صدہ پاراچنار روڈ آمد و رفت کیلئے بند کردیا۔ ڈی پی او طاہر اقبال کا کہنا تھا کہ اگر ہر کوئی اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائے تو اس قسم کے واقعات پیش نہیں آئیں گے، واقعے کے حوالے سے ڈی پی او کا کہنا تھا کہ مسئلہ افہام و تفہیم کے ساتھ حل کر لیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 945976

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945976/پاراچنار-ڈاکٹروں-کی-ہڑتال-کیخلاف-مریض-سڑکوں-پر-نکل-ا-ئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org