0
Saturday 31 Jul 2021 10:48
مجلس وحدت مسلمین کی عزاداری کانفرنس، بانیاں کو درپیش مسائل پر گفتگو

ایم ڈبلیو ایم کا عزاداری سیل کے قیام کا اعلان، مسائل فوری حل کروانے کا عزم

ایم ڈبلیو ایم کا عزاداری سیل کے قیام کا اعلان، مسائل فوری حل کروانے کا عزم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لاہور میں عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔ کانفرنس میں لاہور بھر کے بانیانِ مجالس، لائسنسداران، ماتمی انجمنوں کے عہدیداروں، ایم ڈبلیو ایم لاہور کے رہنماوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب میں علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک میں وحدت کے قیام کیلئے کوشاں ہے، ہمارا مقصد ملت تشیع پاکستان کے حقوق کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے، اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے بانیانِ مجالس سے اپیل کی کہ وہ مجالس میں ایسے ذاکرین و خطباء کو مدعو کرنے سے پرہیز کریں، جو متنازع گفتگو کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے مقدسات کا احترام کیا جائے، وحدت و بھائی چارے کو فروغ دیا جائے، بدامنی اور شرپسندی اسلام دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے، اسے ناکام بنایا جائے۔ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ کل لیاقت باغ میں شہید عارف حسین الحسینیؒ کی برسی کے سلسلہ میں ہونیوالی کانفرنس میں پنجاب سے بھرپور شرکت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عاشقان شہید حسینی بڑھ چڑھ کر ان کی برسی کی تقریب میں شریک ہوں گے اور لاہور سے بھی قافلے روانہ ہوں گے۔ مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ عزاداری کیلئے انتظامیہ کا کوئی دباو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین عزاداری سیل قائم کرے گی، کسی بھی شکایت کی صورت میں سیل کو آگاہ کریں، مسئلہ فوری حل کروایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 946017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش