QR CodeQR Code

کوئٹہ، بی این پی (عوامی) کا احتجاجی موٹر سائیکل ریلی نکالنے کا اعلان

31 Jul 2021 10:58

ریلی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے بی این پی (عوامی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاجی ریلی بارڈر کی بندش، منشیات کے پھیلاؤ اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جیسے مظالم کے خلاف نکالی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں بارڈر کی بندش، منشیات کی تباہ کاری اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کی جانب سے صوبے بھر میں 17 اگست کو تاریخی موٹر سائیکل ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بی این پی (عوامی) کے مرکزی ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں زیادہ تر لوگوں کا ذریعہ معاش بارڈر سے منسلک ہے اور بارڈر کی بندش کے سبب لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں۔ منشیات نے نوجوان نسل کو تباہی کے دھانے پر لاکر کھڑا کر دیا ہے۔ صوبے میں منشیات کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے، جس میں سماج دشمن عناصر ملوث ہیں۔ اس سے زیادہ تر نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے۔

اس کے علاوہ بلوچستان بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ اس شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی این پی (عوامی) اپنے عوام کو کسی بھی صورت اس کٹھن وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی، بلکہ اپنے عوام کے شانہ بشانہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے مذکورہ مسائل پر موٹر سائیکل ریلی نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاجی ریلی بارڈر کی بندش، منشیات کے پھیلاؤ اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جیسے مظالم کے خلاف نکالی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 946020

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946020/کوئٹہ-بی-این-پی-عوامی-کا-احتجاجی-موٹر-سائیکل-ریلی-نکالنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org