0
Saturday 31 Jul 2021 18:58

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی صوبائی مجلس شوریٰ کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی صوبائی مجلس شوریٰ کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی صوبائی مجلس شوریٰ کا دو روزہ اجلاس المرکز الاسلامی سنگوٹہ سوات میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کی، اجلاس میں صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امراء مولانا محمد اسماعیل، عنایت اللہ خان، مولانا تسلیم اقبال، نورالحق، ڈپٹی سیکرٹری جنرلز مولانا حنیف اللہ، شاہ حسین اور صہیب الدین کاکا خیل سمیت اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔ اجلاس میں سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور رپورٹس پیش کی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے تین سال میں بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی۔حکومت کے تین سالوں میں مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، پٹرول، ڈیزل اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں ملا۔ حکومت نے عوام کو روزگار، روٹی، کپڑا اور مکان دینے کی بجائے لنگر خانوں اور پناہ گاہوں میں ڈال دیا ہے۔ ملک کو آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کا غلام بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کی خوشنودی کے لئے عجلت میں قوانین بنائے گئے لیکن پاکستان گرے لسٹ سے نہ نکل سکا۔ سامراجی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے وقف پراپرٹی بل، گھریلو تشدد بل اور میوچل لیگل اسسٹنس کریمنل میٹر جیسے بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جو شعائر اسلام، خاندان اور ملک کی تباہی کا باعث ہیں۔ ہم قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر لائے جانے والے بلوں کے خلاف مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ریفرنڈم کرانے کا وزیراعظم کا بیان پاکستان کی کشمیر کی پالیسی سے انحراف اور دستور کی دفعہ 257 کی غلط تعبیر اور تشریح ہے۔ ہم اس بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ آئین کے اس آرٹیکل میں کہیں بھی خوو مختار کشمیر کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔ یہ آرٹیکل کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے بعد پاکستان کے جغرافیہ کے اندر رہ کر کشمیر کی آئینی حیثیت کا تعین کشمیر ی عوام کی امنگوں کے عین مطابق کرنے کی بات کرتا ہے، وزیراعظم کا بیان کشمیر فروشی اور کشمیریوں کے خون سے غداری ہے۔

مشتاق خان نے کہا کہ نوجوانوں کو حقوق دلانے کے لئے 06 اگست سے 14 اگست تک جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام چترال سے وزیرستان تا پشاور کاروانِ انقلاب روڈ کاروان چلائیں گے۔ کاروانِ انقلاب روڈ کاروان کا آغاز 6 اگست کو چترال سے ہوگا اور صوبے کے تمام اضلاع سے گزرتے ہوئے 13 اگست کو وزیرستان اور 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات پشاور پہنچے گا، جہاں باب خیبر پر یوم آزادی کے حوالے سے بڑا پروگرام منعقد ہوگا۔ روڈ کارواں سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر لیاقت بلوچ، جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی و دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی، جماعت اسلامی نے کینٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے بھی اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے بھی امیدوار کھڑے کریں گے اور صوبے بھر میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انھوں نے کارکنان پر زور دیا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں اور گھر گھر جا کر جماعت کا پیغام، نشان اور دعوت پہنچائیں۔ 
خبر کا کوڈ : 946110
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش