QR CodeQR Code

سندھ میں لاک ڈاؤن کا پہلا دن، ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، مزدور پریشان

31 Jul 2021 23:40

پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ناکے لگاکر ماسک اور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے، ناکے لگائے جانے کے باعث مختلف سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی دیکھا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت سندھ بھر میں آج جزوی لاک ڈاؤن کے پہلے دن کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے مظاہرے جگہ جگہ نظر آئے۔ کہیں ماسک، کہیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی نظر انداز کردی گئی، صوبے بھر میں بازار اور مارکیٹیں بند رہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک کم دکھائی دیا، کئی شہروں میں دیہاڑی دار مزدور پریشان نظر آئے، تاجروں نے حکومتِ سندھ سے لاک ڈاؤن پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کردیا۔ سندھ بھر کی طرح کراچی میں بھی کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لاک ڈاؤن کا آج پہلا روز ہے، شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے، بازار اور کاروباری مراکز مکمل طور پر بند ہیں، شہر کی مختلف شاہراہوں پر پولیس نے ناکے لگا رکھے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث اموات اور نئے کیسز میں اضافے کے بعد سندھ میں آج سے 9 روز کے لئے لاک ڈاؤن نافذ ہوگیا۔ شہریوں کے غیر ضروری گھروں سے نکلنے پر پابندی بھی عائد ہے، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بھی بند ہے، گاڑی میں 2 سے زائد افراد سفر نہیں کرسکیں گے، تاہم تیسرے بیمار شخص کو اسپتال لئے جانے کے لئے 3 افراد کو سفر کی اجازت ہوگی۔

پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ناکے لگاکر ماسک اور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے، ناکے لگائے جانے کے باعث مختلف سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی دیکھا گیا۔ شہریوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دیں، شہریوں کی بڑی تعداد نے پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث رکشوں میں سفر کیا۔ ایک رکشے میں 5، 5 افراد سفر کرتے رہے، بڑی تعداد میں شہریوں نے ماسک بھی نہیں لگائے، ناگن چورنگی، سرجانی ٹاؤن کے علاقوں میں بازار اور مارکیٹیں کھلی دیکھی گئیں۔ صوبے بھر میں ریسٹورنٹس کو صرف آن لائن ڈیلیوری کی اجازت ہے، میڈیکل اسٹورز، بیکری، کریانہ اور گوشت کی دکانیں کھلی رہیں گی، پابندی کے دوران انٹر میڈیٹ سمیت تمام امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے۔ سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن نوٹیفکیشن میں گھر سے باہر نکلنے والوں کے لئے قومی شناختی کارڈ اور ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دے رکھا ہے۔

بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی تاہم صوبے کے شہروں کے درمیان چلنے والی انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند رہے گی، پبلک ٹرانسپورٹ بھی 8 اگست تک بند رہے گی۔ پابندی کے دوران انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں، تاہم 2 اگست کو کیمبرج اسکول سسٹم کا آخری امتحان معمول کے مطابق ہوگا، جس میں شریک عملہ اور اسٹوڈنٹس لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ ہوں گے۔ کریانہ، میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپس، پھل والے اور تندور کھلے رہیں گے، دودھ، سبزی، بیکری اور ضروری اشیاء کی دیگر دکانیں شام 6 سے صبح 6 تک بند رہیں گی۔ ریسٹورنٹس میں صرف آن لائن ڈیلیوری کی اجازت ہوگی، صنعتیں کھلی رہیں گی، میڈیا ورکرز کو ماسک پہن کر اور ایس او پیز کے ساتھ سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ نمازِ جنازہ و دیگر مذہبی رسومات، متعلقہ ایس ایچ او کے علم میں لاکر ادا کی جائیں گی، تعلیمی، تجارتی، مذہبی، تفریحی، کھیلوں اور تربیتی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 946161

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946161/سندھ-میں-لاک-ڈاو-ن-کا-پہلا-دن-ایس-او-پیز-کی-خلاف-ورزیاں-مزدور-پریشان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org