QR CodeQR Code

چینی سے بھرا کنٹینر سمندر میں جا گرا، کروڑوں روپے کا نقصان

1 Aug 2021 00:22

ٹرالر کے بریک فیل ہونے کیوجہ سے چینی سے بھرا ٹرالر سمندر میں گرا، حادثے میں ڈرائیور کو بروقت بچا لیا گیا، کنٹینر میں 780 بیگز لوڈ کیے گئے تھے، ٹرالر اور کنٹینر سمندر میں گرنے سے ٹی سی پی کی کروڑوں روپے کی چینی سمندر برد ہوگئی۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی حدود میں ایک اور بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جہاں چینی بیگز سے بھرا کنٹینر ٹرالر سمندر میں جا گرا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کے پی ٹی پر دس دن کے دوران دوسرا بڑا حادثہ پیش آگیا، ایسٹ وہارف برتھ نمبر فائیو پر چینی کے بیگز سے بھرا کنٹینر ٹرالر سمندر میں جا گرا۔ ٹرالر کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے چینی سے بھرا ٹرالر سمندر میں گرا، حادثے میں ڈرائیور کو بروقت بچا لیا گیا، کنٹینر میں 780 بیگز لوڈ کیے گئے تھے، ٹرالر اور کنٹینر سمندر میں گرنے سے ٹی سی پی کی کروڑوں روپے کی چینی سمندر برد ہوگئی۔ ایم وی یونٹی جہاز دبئی سے ٹی سی پی کے لیے 33 ہزار ٹن چینی لے کر 27 جولائی کو کراچی پہنچا تھا، تاہم لاک ڈاؤن کی وجہ سے کے پی ٹی پر مزدوروں کی تعداد کم ہونے سے جہاز سے چینی کی ان لوڈنگ مکمل نہ ہوسکی تھی۔

کے پی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرالر کو سمندر سے نکالنے کا کام کل صبح شروع کیا جائے گا، رات کے وقت ٹرالر کو سمندر سے نکالنے کے لیے کے پی ٹی کے پاس وسائل نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ عید کے دن ایک کارگو جہاز بھی کے پی ٹی چینل سے ساحل پر پھنس چکا ہے اور دس دن گزرنے کے بعد بھی ساحل میں ریت میں دھنسے ہوئے جہاز ہینگ ٹونگ کو نہیں نکالا جا سکا ہے۔ کے پی ٹی کے پاس جہاز کو نکالنے کے لیے کوئی ٹگ یا انتظام بھی نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 946173

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946173/چینی-سے-بھرا-کنٹینر-سمندر-میں-جا-گرا-کروڑوں-روپے-کا-نقصان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org