0
Sunday 1 Aug 2021 16:05

ہمیں لاک ڈاؤن کرکے اپنی معیشت کو کسی صورت تباہ نہیں کرنا، وزیراعظم

ہمیں لاک ڈاؤن کرکے اپنی معیشت کو کسی صورت تباہ نہیں کرنا، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں لاک ڈاؤن کرکے اپنی معیشت کو کسی صورت تباہ نہیں کرنا۔ عوام کے سوالات کے براہ راست جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر آئی ہوئی ہے، کورونا وائرس کی بھارتی قسم سب سے زیادہ خطرناک ہے، یہ بہت تیزی سے پھیلتی ہے، ماسک کے استعمال سے کورونا وائرس پھیلنے شرح کم ہو جاتی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ ٹھیک ہے کیونکہ اس سے وائرس کے پھیلاؤ کی شرح کم ہو جاتی ہے۔ لاک ڈاوَن لگانا ہے تو ہمیں دوسری طرف بھی دیکھنا ہے، اگر لاک ڈاوَن ہو تو دیہاڑی دار اور مزدور طبقہ کہاں جائے گا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہماری معیشت اوپر جا رہی ہے، ہم نے درست فیصلے کرکے اپنی معیشت اور عوام کو بچایا ہے، ہمیں کسی صورت لاک ڈاوَن کرکے اپنی معیشت کو تباہ نہیں کرنا، جب تک بچوں اور اساتذہ کی ویکسی نیشن نہ ہو اسکو ل نہ کھولے جائیں۔

نور مقدم قتل کیس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ نور مقدم کیس کو پہلے دن سے خود دیکھ رہا ہوں، اس واقعے سے سب کو صدمہ پہنچا ہے، میں نے تمام تفصیلات لی ہیں، اس کی تمام پہلوؤں سے تحقیق کررہے ہیں، نور مقدم کیس کا قاتل کسی طور پر نہیں بچے گا، کوئی طاقتور سے بھی طاقتور ہو تو اسے سزا ضرور ملے گی، افغان سفیر کی بیٹی کے کیس کو ایسے دیکھ رہا ہوں جیسے میری بیٹی ہو۔ کھیلوں میں زبوں حالی کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ اسپورٹس میں پی ایچ ڈی ہوں، مجھے کھیلوں کو جو وقت دینا چاہیے تھا وہ نہیں دے سکا، جب ہم اقتدار میں آئے تو معیشت سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا تھا، جس ملک میں ادارے بہتر ہوتے ہیں وہاں کھیلوں کے میدان میں بھی ترقی ہوتی ہے، نظام کو تباہ کرنے میں وقت نہیں لگتا لیکن اسے ٹھیک کرنے میں وقت لگتا ہے، آخری 2 سال میں پورا زور اسپورٹس پر لگاوَں گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قانون کو توڑنے والے اور قانون کی بالادستی سے ڈرنے والے سربراہان آزاد میڈیا سے ڈرتے ہیں، اگر میں نے لندن میں فلیٹ بنائے ہوں تو سارا وقت آزاد میڈیا سے ڈروں گا، آزادی رائے اس ملک کے لئے بہت بڑی نعمت ہے۔ میڈیا سے تب اختلاف ہوتا ہے جب غلط خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ معذور افراد کو تمام محکموں میں کوٹہ ملنا چاہیے، 18ویں ترمیم کے بعد زیادہ تر محکمے صوبوں کے پاس ہیں، صوبوں کوہدایات دوں گا کہ ہر محکمے میں معذوروں کے لئے کوٹہ مختص کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 2 خاندانوں نے ایک جانب پیسے لوٹے اور دوسری طرف انہوں نے ادارے تباہ کئے، انہوں نے نیب میں اپنا آدمی بٹھا کر ملک کو بے دردی سے لوٹا، پہلی دفعہ نیب نے بڑے بڑے ناموں کو پکڑا ہے، نیب پہلے چھوٹے چھوٹے لوگوں کو پکڑتا تھا، اب اسی نیب کے ہوتے ہوئے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں تمام پاکستانیوں سے ملک میں ایک ایک درخت لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو 12 موسموں سے نوازا ہے، ہم نے بے دردی سے ملکی جنگلات کو تباہ کیا، پاکستان میں دس ارب درخت انے والی نسلوں کے لئے لگا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 946251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش