QR CodeQR Code

جمعیت علماء ہند بلا تفریق مذہب و ملت مہاراشٹر سیلاب متاثرین کیساتھ ہے، مولانا ارشد مدنی

1 Aug 2021 23:05

ریاست مہاراشٹر میں سیلاب سے آئی زبردست تباہی پر اپنے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے اس مرتبہ مہاراشٹر کے بعض علاقوں میں جو سیلاب آیا ہے وہ انتہائی تباہ کن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء ہند نے ریاست مہاراشٹر میں مسلسل طوفانی بارش سے سیلاب کی تباہ کاری بھیانک شکل کے پیش نظر اپنی ٹیم کو راحت رسانی میں کوئی کسر نہ چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ ہدایت مہاراشٹر میں سیلاب سے آئی زبردست تباہی پر اپنے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے دی ہے۔ جمعیت نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس سیلاب میں لاتعداد افراد لقمہ اجل بن چکی ہیں۔ گاؤں کے گاؤں بستی کی بستی پانی میں ڈوب چکی ہیں، مکانوں کے ساتھ ساتھ دیگر املاک خاص طور پر فصلوں کو سیلاب کا پانی نگل چکا ہے۔ رتنا گیری اور رائے گڑھ کے علاوہ مہاڈ، چپلون اور اس کے مضافاتی علاقے بھی بری طرح متاثر ہیں۔ ان تمام متاثرہ علاقوں میں جمعیت علماء مہاراشٹر کی جانب سے ریلیف کا کام جنگی پیمانہ پر جاری ہے۔

جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے تعاون سے گیارہ بستیوں، لاڈولی، برواڈیہہ، برواڈیہہ واڑی، ساتھری گیتا، کس گاؤں، سواد، وادے، کاملا، ادلے گاؤں اور مہاڈشہر کے محلوں، پانساری محلہ، دیسمکھ محلہ، کناتاری محلہ، کارکھنڈ،کاکرتلہ، کوٹ علی، سریکرعلی، کاجل پورہ، دنگر، سالی واڑہ ناکا، نوانگر، ویلکم علی کے علاوہ دوسرے علاقوں میں بھی بلاتفریق مذہب و ملت تمام متاثرین کو ریلیف پہنچائی جا رہی ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں طرح طرح کی بیماریاں بھی پھوٹ پڑی ہیں، چنانچہ جمعیت علماء کی طرف سے ڈاکٹروں کی تین ٹیمیں مختلف مقامات کے لئے الگ الگ تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ ساری ٹیمیں پانچ رکنی ہیں اور بنیادی ضرورتوں کی دوائیں بھی ان کو مہیا کرائی گئی ہے۔

ریاست مہاراشٹر میں سیلاب سے آئی زبردست تباہی پر اپنے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے اس مرتبہ مہاراشٹر کے بعض علاقوں میں جو سیلاب آیا ہے وہ انتہائی تباہ کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم سیلاب زدگان کے ساتھ ہیں اور یہ یقین دلاتے ہیں کہ جمعیت علماء ہند متاثرین کی ہر سطح پر مدد کرے گی نیز انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔


خبر کا کوڈ: 946275

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946275/جمعیت-علماء-ہند-بلا-تفریق-مذہب-ملت-مہاراشٹر-سیلاب-متاثرین-کیساتھ-ہے-مولانا-ارشد-مدنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org