QR CodeQR Code

تاریخی جلوس عاشورہ اور مرکزی جامع مسجد سرینگر پر قدغن یکسان معاملات ہیں، آغا سید حسن

2 Aug 2021 11:46

انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے کہا کہ چند فرضی گروپوں جنکا زمینی سطح پر کوئی وجود، حثیت اور اعتباریت نہیں کیساتھ محرم تقریبات کے سلسلے میں مشاورت کشمیر کی شیعہ برادری کیساتھ ایک بھونڈا مذاق ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے محرم تقریبات کے سلسلے میں ڈویژنل کمشنر کشمیر کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں شیعیان کشمیر کی نمائندہ دینی تنظیموں کو حاشیہ پر رکھ کر غیر متعلقہ فرضی جماعتوں کے ساتھ صلاح و مشورے کو مضحکہ خیز اور بے معنی قرار دیتے ہوئے ڈویژنل انتظامیہ کے اس رویہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ چند فرضی گروپوں جن کا زمینی سطح پر کوئی وجود، حثیت اور اعتباریت نہیں کے ساتھ محرم تقریبات کے سلسلے میں مشاورت کشمیر کی شیعہ برادری کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی انتظامیہ کسی پالیسی کے تحت دانستہ طور پر اس طرح کا طرز عمل اختیار کر رہی ہے تو ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایسا کرنے سے شیعیان کشمیر کی مسلمہ نمائندہ دینی و سیاسی جماعتوں کی سیاسی ساکھ اور اعتباریت و اہمیت متاثر نہیں ہو سکتی ہے۔

آغا سید حسن نے کہا کہ جلوس عاشورہ، مرکزی جامع مسجد سرینگر میں جمعہ و جماعت اور لالچوک سرینگر میں روایتی جلوس میلاد النبی (ص) پر عرصہ دراز سے قدغن کو اہل کشمیر کے دینی جذبات سے جڑے اہم معاملات قرار دیتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ ان پابندیوں کو فوری طور پر اٹھایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاریخی جلوس عاشورہ زمانہ قدیم سے اپنے روایتی مقام اور راستے آبی گزر سرینگر سے برآمد ہو کر علی پارک جڈی بل سرینگر میں اختتام پذیر ہوتا ہے۔ مزکورہ جلوس کو صرف لالچوک تک محدود رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ اس کی شان و اہمیت کو نقصان پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مزکورہ جلوس پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ کرتی ہے اور جلوس کو اپنے روایتی مقام اور منزل تک لے جانے کی اجازت دی گئی تو انجمن شرعی شیعیان جلوس عاشورہ میں شامل ہوگی، اس صورت میں انجمن شرعی شیعیان اس امید کا اظہار کرتی ہے کہ جلوس عاشورہ کے روایتی راستے کے اردگرد رہنے والے عوام اور دینی معززین بالخصوص میرواعظ کشمیر مولانا عمر فاروق اور مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام حسب روایت قدیم اپنی گرانقدر خدمات اور تعاون شامل حال رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 946347

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946347/تاریخی-جلوس-عاشورہ-اور-مرکزی-جامع-مسجد-سرینگر-پر-قدغن-یکسان-معاملات-ہیں-ا-غا-سید-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org