0
Monday 2 Aug 2021 15:55

پاکستان کے تمام وفاق ہائے دینی مدارس کا متحد ہوکر چلنے پر اتفاق

پاکستان کے تمام وفاق ہائے دینی مدارس کا متحد ہوکر چلنے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے تمام وفاق ہائے دینی مدارس نے متحد ہو کر چلنے پر اتفاق کرلیا ہے جبکہ نصاب کی خامیوں سمیت دیگر امور بھی مشترکہ مشاورت سے حل کئے جائیں گے۔ اس بات کا فیصلہ لاہور کے جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں ہونیوالے وفاق ہائے مدارس کے صدور اور سربراہوں کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں مجمع المدارس تعلیم الکتاب و الحکمة کے صدر علامہ سید جواد نقوی، ناظم اعلیٰ علامہ ناصر المہدی کربلائی، نظام المدارس پاکستان کے صدرمفتی امداد اللہ قادری، ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر، اتحاد المدارس العربیہ کے صدر شیخ الحدیث مفتی زبیر فہیم، ناظم اعلیٰ مفتی احمد ضیاء مدنی، بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے صدر کرنل (ر) سید شفیق احمد، ناظم اعلیٰ مولانا احسان الحق شہباز، اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ قاری شیخ یعقوب، مجمع العلوم اسلامیہ پاکستان کے ناظم امتحانات ڈاکٹر سید ایاز شاہ، جامعہ بنوریہ العلامیہ مفتی فصیح احمد خان نے شرکت کی۔
 
اجلاس میں مستقبل میں باہمی ہم آہنگی اور مشاورت کا لائحہ عمل طے کیا گیا، اس کے علاوہ مدارسِ دینیہ کو درپیش مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان کے موثر حل کیلئے مشاورت کی گئی۔ اس ضمن میں مدارس کے نصاب کی مشکلات، فرقہ واریت کے خاتمے اور آئندہ کیلئے موثر رابطے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے میزبان اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب و الحکمة کے صدر علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ دینی مدارس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے نصاب میں جدت لانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ روایتی دینی علوم کیساتھ ساتھ سائنسی، طبی، معاشرتی اور معاشی علوم کو بھی نصاب کا حصہ بنا کر مدارس میں جدت لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے حوالے سے ماضی میں مدارس کو استعمال کیا گیا، اس سوچ کی بھی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے مدارس کے تقدس کو بحال کرنا ہوگا۔ اجلاس کے شرکاء نے مدارس کی ترقی اور وفاق ہائے مدارس کی کامیابی کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
خبر کا کوڈ : 946412
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش