0
Monday 2 Aug 2021 23:49

شامی حاکمیت، خودمختاری اور قومی وقار کی حمایت جاری رکھینگے، فنگ بیاؤ

شامی حاکمیت، خودمختاری اور قومی وقار کی حمایت جاری رکھینگے، فنگ بیاؤ
اسلام ٹائمز۔ دمشق میں چینی سفیر نے تاکید کی ہے کہ چین و شام کے باہمی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں جس کے بعد ان میں مزید توسیع آئے گی۔ عربی زبان کے روسی چینل روسیا الیوم کے ساتھ گفتگو میں فنگ بیاؤ کا کہنا تھا کہ شام وہ پہلا عرب ملک ہے جس نے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کئے جبکہ بیجنگ بھی "قومی حاکمیت اور جغرافیائی سلامتی" کی حفاظت کی شامی کوششوں کی کھلی حمایت جاری رکھے گا۔ دمشق میں چینی سفیر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ شام و چین کے درمیان استوار تعلقات وفادار دوستوں کے تعلقات کے مانند ہیں، کہا کہ شام مشرق وسطی میں چین کے اہم ترین اقتصادی شراکتداروں میں سے ایک ہے جبکہ چین ہی شام پر مسلط کی جانے والی جنگ سے قبل اس ملک میں سب سے بڑا برآمد کنندہ تھا۔

فنگ بیاؤ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ و مغربی ممالک کی پابندیوں کے باوجود، چین شام کا اہم ترین تجارتی شراکتدار ہے جو ہمیشہ شام کی مدد کرتا رہے گا۔ شام میں چینی سفیر نے چین کی جانب سے شام کو دی جانے والی 2 ارب 4 کروڑ یوان کی امداد کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ بیجنگ نے نہ صرف شام کو کرونا ویکسین کی 3 لاکھ ڈوزیں ارسال کی ہیں بلکہ شام کو چین کی جانب سے طبی میدان میں بھی وقتا فوقتا امداد بھیجی جاتی ہے۔ چینی سفیر نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے دورہ شام کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ شامی صدر و وزیر خارجہ کے ساتھ ان کی ملاقات "دوستانہ و گہری" تھی۔ فنگ بیاؤ نے اپنی گفتگو کے آخر میں اس دورے کے پیغامات کے بارے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا پیغام یہ تھا کہ چین شامی قومی حاکمیت، خودمختاری اور وقار کی کھل کر حمایت اور اس ملک میں "بیرونی طاقتوں کی مداخلت اور ان کی زور و زبردستی کی سیاست" کو مسترد، کرتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 946472
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش