0
Tuesday 3 Aug 2021 11:42

آزاد کشمیر کے انتخابات میں پی ٹی آئی نے مزید تین مخصوص نشستیں جیت لیں

آزاد کشمیر کے انتخابات میں پی ٹی آئی نے مزید تین مخصوص نشستیں جیت لیں
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی تین مزید مخصوص نشستیں حاصل کر لیں جس کے بعد 53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی 32 نشستیں ہو گئیں ہیں۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز نے اپنے مشترکہ امیدواروں کو ٹیکنوکریٹس، علماء و مشائخ اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے لیے مخصوص تین نشستوں پر ووٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ تینوں جماعتوں کے 9 امیدواروں کے نام بیلٹ پیپرز پر چھپ چکے تھے۔ اس فیصلے کی روشنی میں مسلم لیگ (ن) کے صاحبزادہ سلیم چشتی اور پیپلز پارٹی کے ذوالفقار علی اور حافظ طارق محمود بالترتیب علما و مشائخ، ٹیکنوکریٹس اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی نشستوں کے لیے دونوں جماعتوں کے مشترکہ امیدوار بنے تھے۔  واضح رہے کہ 45 نشستوں پر عام انتخابات میں پیپلز پارٹی نے 11 نشستیں حاصل کی تھیں تاہم ان کے پاس 10 ووٹ تھے کیونکہ اس کے منتخب ایم ایل اے چوہدری یاسین دو حلقوں سے جیتے تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے پاس 6 نشستیں تھیں۔

پیر کے روز ہونے والی پولنگ میں پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین اور جاوید اقبال ذاتی وجوہات کی بنا پر پیش نہیں ہوئے جس کی وجہ سے مشترکہ امیدوار ذوالفقار علی اور طارق محمود نے 14-14 ووٹ حاصل کیے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صاحبزادہ سلیم چشتی کو 13 ووٹ ملے کیونکہ 14 واں ووٹ پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ فضل رسول کے حق میں دیا گیا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی جس کے 26 ووٹ تھے اور اسے جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے رکن سردار حسن ابراہیم کی حمایت حاصل تھی کے تینوں نامزد امیدوار 27 ووٹوں سے منتخب ہوئے۔ علما و مشائخ، ٹیکنوکریٹس اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی نشستوں پر پی ٹی آئی کے کامیاب امیدواروں کے نام محمد مظہر سعید، محمد رفیق نیئر اور محمد اقبال ہیں جن کو بعد میں الیکشن کمیشن نے نوٹیفائی کیا۔ مسلم کانفرنس کے واحد منتخب ایم ایل اے سردار عتیق احمد خان نے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔ اس سے قبل اتوار کو پی ٹی آئی نے خواتین کے لیے 5 میں سے تین نشستیں حاصل کیں جبکہ ایک پیپلز پارٹی اور ایک مسلم لیگ (ن) نے حاصل کیا۔

دریں اثناء آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اسمبلی کا اجلاس (آج) منگل کو طلب کیا ہے جس میں تمام نومنتخب ارکان سابقہ اسپیکر شاہ غلام قادر کے ہاتھوں اپنے عہدے کا حلف دلائیں گے۔ حلف اٹھانے کے فورا بعد ارکان نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کریں گے۔ پیر کی شام تک پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کے بارے میں بھی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے جبکہ وزیراعظم کا انتخاب بدھ (4 اگست) کو ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کو بدھ کو منتخب کیا گیا اور حلف لیا گیا تو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اس کے اگلے روز آزاد کشمیر کے اعلیٰ ترین نمائندہ فورم سے خطاب کا امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 946525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش