QR CodeQR Code

تقسیمی عناصر کے ارادوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ

3 Aug 2021 16:27

نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ ہم سب پر یہ فرض بنتا ہے کہ ہم آپسی بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور علاقائی وحدت کو بنائے رکھنے میں اپنا بھرپور رول نبھائیں۔


اسلام ٹائمز۔ تقسیمی عناصر کے حربوں سے جموں و کشمیر کو بہت زیادہ نقصان اُٹھانا پڑا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اُن طاقتوں کے ارادوں کو ہر حال میں ناکام بنا دیں جو یہاں کے عوام کو مذہب، علاقائی اور لسانی طور پر تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں سے آئے ہوئے سیاسی لیڈران اور معزز شہریوں کے وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت سابق ایم پی شیخ عبدالرحمن کررہے تھے، وفد میں آئی جی کھجوریہ بھی شامل تھے جبکہ اس موقعے پر این سی کے لیڈر تنویر صادق بھی موجود تھے۔ ایک بیان کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ تینوں خطوں کے عوام کو ایسی طاقتوں سے ہوشیار رہنا چاہیئے جو یہاں کے عوام میں تفرقہ ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کی مذموم سازشوں سے جموں و کشمیر کو پہلے ہی بہت نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی نفرت کی دیواریں کھڑی کی جارہی ہیں، دوریاں پیدا کی جارہی ہے اور بھائی چارے کی عظیم روایات کو پار پار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں یہاں کے عوام کو تقسیم کرنے کا کوئی بھی حربہ کامیاب نہیں ہونا چاہیئے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ امن میں یقین رکھتے ہیں اور ہمیشہ آپسی بھائی چارے میں رہتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے نازک ادوار میں بھی بھائی چارہ اور آپسی ہم آہنگی کی مشعل کو فروزاں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے سیکولر کردار، مذہبی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارے کو ٹھیس پہنچانے والے عناصر کے مذموم اداروں کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ ہم سب پر یہ فرض بنتا ہے کہ ہم آپسی بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور علاقائی وحدت کو بنائے رکھنے میں اپنا بھرپور رول نبھائیں۔


خبر کا کوڈ: 946610

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946610/تقسیمی-عناصر-کے-ارادوں-کو-ناکام-بنانے-کی-ضرورت-ہے-ڈاکٹر-فاروق-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org