QR CodeQR Code

پاکستان کا ایک روز میں 10 لاکھ کووِڈ ویکسینز لگانے کا دعویٰ

3 Aug 2021 18:58

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک روز میں 10 لاکھ ویکسینز کا جو ہدف مقرر کیا تھا، وہ گذشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار افراد کی ویکسینیشن سے حاصل کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کیساتھ تمام وفاقی اکائیاں ریکارڈ نمبر میں ویکسین لگا رہی ہیں، سب کی کارکردگی زبردست ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے ایک روز کے دوران کووِڈ -19 ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں لگانے کا سنگ میل عبور کر لیا۔ ایک ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ ہم نے ایک روز میں 10 لاکھ ویکسینز کا جو ہدف مقرر کیا تھا، وہ گذشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار افراد کی ویکسینیشن سے حاصل کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے ساتھ تمام وفاقی اکائیاں ریکارڈ نمبر میں ویکسین لگا رہی ہیں، سب کی کارکردگی زبردست ہے۔ ایک دوسرے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے یہ اعداد و شمار بتائے کہ کون سے بڑے شہروں میں کتنے فیصد آبادی کو ویکسین لگ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد 10 لاکھ آبادی والا پاکستان کا پہلا شہر بن گیا ہے، جہاں 50 فیصد اہل آبادی کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔ اسد عمر نے مزید بتایا کہ پشاور اور راولپنڈی میں 35 فیصد، فیصل آباد میں 28 فیصد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور سرگودھا میں 27 فیصد جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں بالترتیب 26 اور 25 فیصد افراد کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 3 کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 ویکسینز لگائی جاچکی ہیں جن میں سے گذشتہ روز ویکسین کی 110 لاکھ 72 ہزار 342 خوراکیں لگائی گئیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی 10 لاکھ ویکسین یومیہ کا سنگ میل عبور ہونے کی تصدیق کی اور اسے ممکن بنانے والے تمام افراد کو مبارکباد دی۔ قبل ازیں اسد عمر نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں 3 کروڑ سے زائد کورونا ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ملک میں ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں لگانے میں 113 دن، 2 کروڑ لگانے میں 28 دن لگے جبکہ مزید صرف 16 دنوں میں ویکسینز کی تعداد 3 کروڑ تک جا پہنچی۔ انہوں نے کہا تھا کہ گذشتہ 6 روز کے دوران ویکسینیشن کے عمل میں تیزی آئی ہے اور اس دوران 50 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 946631

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946631/پاکستان-کا-ایک-روز-میں-10-لاکھ-کوو-ڈ-ویکسینز-لگانے-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org