QR CodeQR Code

مولانا تنویر الحق تھانوی تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل

3 Aug 2021 22:58

نثار کھوڑو سمیت دیگر پی پی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے معروف عالم دین نے کہا کہ سندھ ہماری دھرتی ہے، سندھ میں ہی ہمارا جینا مرنا ہے، امید ہے کہ پیپلز پارٹی ہماری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے پاکستان تحریکِ انصاف چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ مولانا تنویر الحق تھانوی نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ مولانا تنویر الحق تھانوی پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہوں، اس کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، وفاقی پارلیمانی نظام ایک دوسرے کو برداشت کرکے آگے چلنے کا نام ہے، ملک میں سیاست اور سیاستدانوں کو بدنام کرکے پیش کیا جا رہا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں حکومت بنانے کی باتیں کرنے والے عوام کے مسترد کردہ ہیں، یہ لوگ ملک بھر میں مسترد ہوں گے، ارباب رحیم پہلے یہ بتائیں کہ انہوں نے کتنی جماعتیں تبدیل کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو کسی بھی صوبے میں سیاست کرنے کا حق ہے، عمران خان اپوزیشن لیڈر کے اوپر سندھ میں کسی اور کو لے کر آئے ہیں، جس پر حلیم عادل شیخ کو سوچنا چاہیئے کہ اب ان کی حیثیت کیا ہے۔ پی پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ سندھ حکومت کے 13 سال پر سوال اٹھانے والے ان 40 سالوں کی حکمرانی کرنے والوں کے لئے بھی سوال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تونسہ سے 1 لاکھ 30 ہزار کیوسک پانی بہایا جاتا ہے اور گڈو تک 1 لاکھ کیوسک پانی پہنچتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ بیچ میں سے 30 ہزار کیوسک پانی چوری کیا جا رہا ہے۔ نثار کھوڑو کا یہ بھی کہنا ہے کہ تونسہ سے گڈو تک 30 ہزار کیوسک پانی کی چوری پر ارسا کا ادارہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

اس موقع پر مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہا کہ دینی خدمات کے ساتھ ساتھ سیاست میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ہماری دھرتی ہے، سندھ میں ہی ہمارا جینا مرنا ہے، امید ہے کہ پیپلز پارٹی ہماری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گی۔ مولانا تنویر الحق تھانوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں پی ٹی آئی میں ایکٹیو نہیں تھا جبکہ مسلم لیگ نون اپنے مسائل میں الجھی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ مولانا تنویر الحق تھانوی ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے، وہ چند ماہ قبل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 946649

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946649/مولانا-تنویر-الحق-تھانوی-تحریک-انصاف-چھوڑ-کر-پیپلز-پارٹی-میں-شامل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org