0
Tuesday 3 Aug 2021 23:17

غاصب صہیونی رژیم نے قدس شریف کا محلہ شیخ جراح دوبارہ بند کر دیا

غاصب صہیونی رژیم نے قدس شریف کا محلہ شیخ جراح دوبارہ بند کر دیا
اسلام ٹائمز۔ جوان آنلائن نیوز ایجنسی کے مطابق غاصب صہیونی رژیم کی سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر قدس شریف کے محلے الشیخ جراح کو سیل کر دیا ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت انجام پایا ہے جب صہیونی عدالت اس محلے کے بارے میں دوبارہ فیصلہ جاری کرنے والی ہے۔ کچھ دن پہلے شیخ جراح محلے کے مقامی فلسطینی باسیوں اور صہیونی سکیورٹی فورسز میں جھڑپیں انجام پائی ہیں۔ یاد رہے تین ماہ پہلے بھی صہیونی رژیم کی ہائی کورٹ نے اس محلے کو حکومتی کنٹرول میں دینے کا فیصلہ جاری کیا تھا جس کے نتیجے میں قدس شریف کے نواح میں واقع اس محلے پر صہیونی سکیورٹی فورسز نے دھاوا بول کر مقامی فلسطینی شہریوں کو زبردستی باہر نکالنا شروع کر دیا تھا۔ اس وقت غزہ میں اسلامی مزاحمت کی تنظیموں نے صہیونی رژیم کو الٹی میٹم دیا جسے نظرانداز کئے جانے کے بعد مقبوضہ فلسطین پر میزائل حملے ہوئے اور گیارہ روزہ جنگ کا آغاز ہو گیا۔ اس جنگ کے دوران صہیونی عدالت نے اپنا فیصلہ روک دیا تھا۔
 
لیکن اب صہیونی رژیم کی ہائی کورٹ قدس شریف کے محلے شیخ جراح کے بارے میں دوبارہ فیصلہ سنانے والی ہے۔ المیادین نیوز چینل کے مطابق فلسطینی شہریوں نے ہفتہ 31 جولائی کی رات بھی مظاہرے کئے جن کے خلاف صہیونی سکیورٹی فورسز نے کاروائی کی اور یوں جھڑپوں کا آغاز ہو گیا۔ اس کے بعد صہیونی فورسز نے اس محلے کا لاک ڈاون کر دیا ہے۔ صہیونی سکیورٹی فورسز محلے کے گیٹ پر تعینات ہیں اور ہر قسم کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔ بعض موصولہ رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صہیونی سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کے خلاف کیمیائی گیس کا بھی استعمال کیا ہے۔ قدس شریف کے محلہ شیخ جراح پر صہیونی فورسز کے جارحانہ اقدام کے باعث ہی گیارہ روزہ "سیف القدس معرکہ" شروع ہوا تھا جس میں اسلامی مزاحمتی گروہوں نے مقبوضہ فلسطین میں مختلف صہیونی ٹھکانوں کو چار ہزار میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔
 
اسلامی مزاحمت کی تنظیم اسلامک جہاد کے ترجمان داود شہاب نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم کے تمام مجرمانہ اقدامات میں امریکہ برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی رژیم امریکہ کی مالی اور فوجی امداد کے بل بوتے پر پورے خطے میں بدامنی پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا: "اسرائیل ایسی رژیم ہے جو شدت پسندی، قتل و غارت اور نسلی تعصب کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی ہے جبکہ امریکہ اور مغربی ممالک اس کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت میں مصروف ہیں۔" اسلامک جہاد کے ترجمان نے کہا کہ غاصب صہیونی رژیم امریکی اسلحہ کے ذریعے مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک امریکہ غاصب صہیونی رژیم کی مالی اور فوجی مدد میں مصروف ہے اس وقت تک خطے میں پائیدار امن اور استحکام وجود میں نہیں آ سکتا۔
خبر کا کوڈ : 946653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش