0
Tuesday 3 Aug 2021 23:24

کورونا کی آڑ میں شہر کراچی میں بھتہ خوری کا بازار گرم ہے، عامر خان

کورونا کی آڑ میں شہر کراچی میں بھتہ خوری کا بازار گرم ہے، عامر خان
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام ماہ آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی و دیگر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے فیڈرل بی ایریا ٹاؤن کے علاقے عائشہ منزل پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ آزادی منانے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی نگاہ سے دیکھا تو اس کو بھرپور جواب دیا جائیگا، پاکستان ہماری شان اور ہماری پہچان ہے جسے ہمارے آباؤ اجداد نے لازوال قربانیوں کے بعد حاصل کیا، وطن عزیز کیلئے ہمارے اجداد نے اپنی جاگیریں چھوڑیں، گھر بار چھوڑے 20 لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ دیکر حاصل کیا، ماؤں بہنوں نے اپنی عصمتیں قربان کیں تب جاکر یہ وطن حاصل کیا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ سندھ کی متعصب صوبائی حکومت کا برقرار رہنا پاکستان کے حق میں نہیں، اس حکومت نے شہر کراچی کھنڈر میں تبدیل کردیا، یہی نہیں اندرون سندھ کی صورتحال بھی مختلف نہیں، لاڑکانہ میں کتا کاٹ لے تو ویکسین دستیاب نہیں تھر میں پینے کا پانی عوام کو میسر نہیں، کورونا کی آڑ میں شہر کراچی میں بھتہ خوری کا بازار گرم ہے اور اگر شہر کے مضافات میں چلے جائیں تو سب کھلا ہوا ہے، ساری سختیاں مہاجروں کے علاقوں میں کی جا رہی ہیں، ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ تمام ٹیکسوں میں چھوٹ دی جاتی، ایک جانب عوام کے چولہے بجھ رہے ہیں اور دوسری جانب لاک ڈاؤن کے نام پر شہر کو بند کیا جا رہا ہے، سندھ پر اگر یہ متعصب حکمران برقرار رہے تو یہ صوبہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر عامر خان نے عوام میں پرچم تقسیم کئے اور جشن آزادی کا کیک کاٹا انکے ہمراہ رابطہ کمیٹی کے اراکین شکیل احمد اور ارشاد ظفیر بھی تھے۔
خبر کا کوڈ : 946654
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش