QR CodeQR Code

نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے یورپی فیصلے پر غاصب صیہونی رژیم سیخ پا

3 Aug 2021 23:26

یورپی یونین کے نمائندے کیجانب سے نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے غاصب صیہونی رژیم نے ایک بیان میں ایران کیخلاف صیہونی کشتی پر حملے کے اپنے بے بنیاد الزامات دہرائے اور یورپی یونین سے شدید مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس تقریب میں شرکت نہ کرے۔


اسلام ٹائمز۔ آئندہ جمعرات کے روز منعقد ہونے والی نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں اپنے نمائندے کو بھیجنے کے یورپی یونین کے فیصلے پر غاصب صیہونی رژیم نے اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا کی جانب سے خبر دی گئی تھی کہ یورپی یونین نے نومنتخب ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے اپنے فارن ایکشن سروس کے سیکرٹری اینریکے مورا (Enrique Mora Benavente) کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر غاصب صیہونی رژیم نے ایران کے خلاف حسب سابق اپنے بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے اس فیصلے کو جارحیت کی حمایت قرار دے دیا ہے۔

عرب ای مجلے العربی الجدید کے مطابق یورپی یونین کے نمائندے کی جانب سے نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے غاصب صیہونی رژیم نے ایک بیان میں یورپی یونین سے شدید مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس تقریب میں شرکت نہ کرے۔ رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی وزارت خارجہ نے یورپی یونین کی جانب سے نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے فیصلے کو "ایک مبہم و ناقص فیصلہ" قرار دیا اور اسرائیلی بحری بیڑے پر حملے کے حوالے سے ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد الزامات دہراتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین کے نمائندے کی جانب سے اس تقریب میں شرکت ایک ایسے واقعے کے کچھ روز بعد ہی کی جا رہی ہے جب ایران نے ایک غیر فوجی کشتی پر دہشتگردانہ حملہ کر کے 2 غیر فوجی افراد کہ جن میں سے ایک یورپی یونین کے رکن ملک کا شہری تھا، کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

واضح رہے کہ بحیرۂ اومان میں صیہونی کشتی پر ہونے والے حملے کے حوالے سے غاصب صیہونی رژیم سمیت امریکہ، برطانیہ اور ان کے چند ایک حلیف ممالک کی جانب ایران پر عائد کئے جانے والے بے بنیاد الزامات کو ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے بارہا مسترد کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان خطیب سعید زادہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران اپنے خلاف ہونے والی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جنہوں نے ایرانی بحری بیڑوں کے خلاف ہونے والے مسلسل دہشتگردانہ حملوں پر شرمناک خاموشی اختیار کر رکھی تھی، اب ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 946655

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946655/نومنتخب-ایرانی-صدر-کی-تقریب-حلف-برداری-میں-شرکت-کے-یورپی-فیصلے-پر-غاصب-صیہونی-رژیم-سیخ-پا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org