QR CodeQR Code

کراچی میں سب سے کم ویکسی نیشن ہوئی سندھ حکومت کارکردگی بہتر کرے، فواد چوہدری

4 Aug 2021 01:39

پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار ہوگئی ہے، بابر اعوان، شبلی فراز اور امین الحق نے کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دی، الیکٹورل ریفارمز پر اپوزیشن سے مذاکرات کررہے ہیں، الیکٹورل ریفارمز پر اپوزیشن اپنی تجاویز پیش کرے، اگر جمہوریت کو چلنا ہے تو نظام وضع کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جبکہ شہباز شریف کا نظام سے متعلق بیان خوش آئند ہے، کراچی میں سب سے کم ویکسی نیشن ہوئی سندھ حکومت کارکردگی بہتر کرے۔ فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں 50 فیصد اور لاہور میں 27 فیصد شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن ہوگئی لیکن کراچی اور حیدرآباد میں سب سے کم ویکسی نیشن کی گئی، لہذا سندھ حکومت اپنے گریبان میں جھانکے اور کارکردگی بہتر کرے، اس کی کارکردگی باقی تمام صوبوں سے پیچھے ہے، وفاق سندھ حکومت کو بار بار گورننس بہتر کرنے کا کہتا چلا آرہا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب سے 23 مزید قیدی پاکستان پہنچ گئے، دنیا بھر سے معمولی جرائم میں قید سیکڑوں پاکستانی واپس آ رہے ہیں، عمران خان کو اوورسیز پاکستانیوں کا درد ہے، سعودی عرب میں لیبر کا خیال نہ رکھنے پر پورا سفارت خانہ تبدیل کردیا گیا، وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو خصوصی احکامات دیئے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کریں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار ہوگئی ہے، بابر اعوان، شبلی فراز اور امین الحق نے کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دی، الیکٹورل ریفارمز پر اپوزیشن سے مذاکرات کررہے ہیں، الیکٹورل ریفارمز پر اپوزیشن اپنی تجاویز پیش کرے، اگر جمہوریت کو چلنا ہے تو نظام وضع کرنا ہوگا، شہباز شریف کا نظام چلنے کے بارے میں بیان خوش آئند ہے، نواز شریف، مریم نواز سمیت جو لوگ اسمبلی سے باہر ہیں وہ نظام تباہ کرنا چاہتے ہیں، جو منتخب اراکین ہیں صرف انہی سے بات ہوگی، نواز شریف اور الطاف حسین پارٹی کی سربراہی نہیں کر سکتے۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں پولیس، پیسہ، بیورو کریسی کشمیر حکومت کے پاس تھی لیکن الیکشن ہارنے کے بعد کشمیر میں دھاندلی کا الزام وفاقی حکومت پر لگایا گیا، تحریک انصاف 10 ضمنی الیکشن ہاری لیکن جب سیالکوٹ میں جیتی تو دھاندلی کا رونا شروع ہو گیا۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کے گرین ایریا میں تجاوزات ختم کرائی جائیں گی، گرین ایریا پر قائم نیول، فضائیہ اور اسلام آباد پولیس کی تجاوزات ختم کرائی گئی ہیں، وزیراعظم نے بلاتفریق تجاوزات کے خلاف آپریشن کا حکم دیا ہے، مونال کے اطراف تعمیرات ختم کرانے کے لیے علی نواز اعوان کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کابینہ اجلاس میں امریکا کو کرپشن کیس میں مطلوب مجاہد پرویز کو امریکا کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی گئی، کپاس کی فی من امدادی قیمت 5 ہزار روپے من مقرر کی گئی ہے، کابینہ نے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہیں بڑھانے کو مسترد کر دیا، تنخواہیں صرف سول سرونٹ کی بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس کو کمرشل سرگرمیوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ موخر کردیا گیا ہے، وزیراعظم ہاؤس میں 32 ارب کی لاگت سے یونیورسٹی کی تعمیر جاری ہے، ممنوعہ اسلحہ لائسنس کا اختیار سیکریٹری داخلہ اور غیر ممنوعہ لائسنس کا اختیار وزیر داخلہ کو دیا گیا ہے، اسلحہ لائسنس کا اختیار پہلے وزیراعظم کے پاس تھا۔


خبر کا کوڈ: 946684

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946684/کراچی-میں-سب-سے-کم-ویکسی-نیشن-ہوئی-سندھ-حکومت-کارکردگی-بہتر-کرے-فواد-چوہدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org