0
Wednesday 4 Aug 2021 09:50

افغانستان، طالبان کا ہلمند کے دارالحکومت کے بڑے حصے پر قبضہ

افغانستان، طالبان کا ہلمند کے دارالحکومت کے بڑے حصے پر قبضہ
اسلام ٹائمز۔ جنوبی افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے اور انہوں نے صوبہ ہلمند کے دارالحکومت کے 10 میں سے 9 اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق افغان حکومتی فورسز نے امریکا کی حمایت سے شہر لشکر گاہ کے دفاع کے لیے فضائی بمباری شروع کر دی ہے۔ ہلمند کے لیے افغان فورسز کے کمانڈر جنرل سمیع سعادت نے صحافیوں کے ساتھ شیئر کیے گئے آڈیو پیغام میں شہریوں پر زور دیا کہ وہ طالبان کے زیر قبضہ علاقے فوری خالی کر دیں، تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی جاری جھڑپوں کے باعث شہری ایسا کیسے کر سکتے ہیں۔ یہ پیغام اشارہ ہے کہ مزید فضائی بمباری کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ سمیع سعادت نے اپنے پیغام میں شہریوں سے کہا کہ براہ مہربانی اپنے گھروں اور اطراف کا علاقہ خالی کر دیں اور اپنے اہلخانہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کر لیں، ہم طالبان کو زندہ نہیں چھوڑیں گے، مجھے معلوم ہے کہ یہ مشکل ہے لیکن آپ کے مستقبل کے لیے ہم ایسا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو چند روز کے لیے بے گھر ہونا پڑا تو اس کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں، براہ مہربانی جلد از جلد علاقہ خالی کر دیں۔ لشکر گاہ ان تین صوبائی دارالحکومتوں میں سے ایک ہے جن کا طالبان نے محاصرہ کیا ہوا ہے اور ان کی سرکاری فورسز کے ساتھ لڑائی میں شدت آئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 946708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش