QR CodeQR Code

جوہر ٹاون دھماکے سے قبل لاہور پولیس واردات سے آگاہ تھی، انکشاف

4 Aug 2021 10:12

رپورٹ کے مطابق نوید نامی شخص ابتدائی طور پر دہشتگردی کی اس کارروائی میں ملوث تھا، تاہم اس نے اپنا ذہن بدل لیا اور اس حوالے سے پولیس حکام کو آگاہ کیا تھا۔ جوہر ٹاؤن میں 23 جولائی کو دھماکہ ہوا تھا جس میں تین افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق نوید کا اس دھماکے میں کردار علاقے کی ریکی کرنا تھا، جس کیلئے اس نے دھماکے کی جگہ کے قریب ایک فلیٹ میں پراپرٹی ڈیلر کا کام بھی شروع کر رکھا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں گزشتہ ماہ ہونیوالے دھماکے سے پولیس کے قبل از وقت آگاہ  ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اس کے باوجود کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کئے گئے اور پولیس دہشتگردی کی اس کوشش کو ناکام بنانے کامیاب نہ ہو سکی۔ ایک رپورٹ کے مطابق نوید نامی شخص ابتدائی طور پر دہشتگردی کی اس کارروائی میں ملوث تھا، تاہم اس نے اپنا ذہن بدل لیا اور اس حوالے سے پولیس حکام کو آگاہ کیا تھا۔

جوہر ٹاؤن میں 23 جولائی کو دھماکہ ہوا تھا جس میں تین افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق نوید کا اس دھماکے میں کردار علاقے کی ریکی کرنا تھا، جس کیلئے اس نے دھماکے کی جگہ کے قریب ایک فلیٹ میں پراپرٹی ڈیلر کا کام بھی شروع کر رکھا تھا۔
 
رپورٹ کے مطابق اس دوران نوید نامی شخص نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کی رہائش گاہ پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو کھانے کی دعوتیں بھی دیں اور ان سے اپنے مراسم بڑھانے کی کوشش بھی کی۔ تاہم اس دوران اس نے دہشت گردی کی کارروائی کے حوالے سے سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو بتا دیا، جنہوں نے یہ بات جماعت الدعوۃ کے سکیورٹی اہلکاروں کو بتائی۔ جس کے بعد یہ بات ایک سکیورٹی ایجنسی کو بھی بتائی گئی مگر اس کے باوجود یہ دھماکہ ہوگیا۔

اس سے قبل یہ بھی رپورٹ ملی تھی کہ بابو صابو ناکہ پر تعینات اہلکار نے دھماکے میں استعمال ہونیوالی کار کے ڈرئیوار سے 5 ہزار روپے رشوت لیکر گاڑی کو بغیر چیکنگ شہر میں داخل ہونے دیا اور اب یہ انکشاف کہ پولیس آگاہ ہونے کے باوجود کوئی اقدام نہ کر سکی، لاہور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔


خبر کا کوڈ: 946713

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/946713/جوہر-ٹاون-دھماکے-سے-قبل-لاہور-پولیس-واردات-ا-گاہ-تھی-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org