QR CodeQR Code

القدس کا مسئلہ عالمی ضمیر پر ایک بوجھ ہے جو عصر حاضر کے یزیدوں کو گزشتہ 64 برسوں سے بے نقاب کر رہا ہے، مقررین کا القدس ریلی سے خطاب

26 Aug 2011 22:24

اسلام ٹائمز:اسلام آباد میں منعقد کی گئی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ یوم القدس کو کسی مذہب یا دین کے تناظر میں نہیں انسانی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، آج ہزاروں فرزندان توحید نے امام خمینی رہ کی آواز کہتے ہوئے فلسطینیوں کی حمائت میں نکل کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کی سرزمین پر مظلوم فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے حق میں آواز بلند ہو رہی ہے


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور دیگر شیعہ تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں یوم القدس، انتہائی عزم و استقلال اور جذبہ ایثار و قربانی کے ساتھ منایا گیا، کراچی، لاہور، کوئٹہ، گلگت بلتستان، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مظلوم فلسطینی بھائیوں کیساتھ اظہار  یکجہتی اور بیت المقدس پر صیہونی قبضہ کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، وفاقی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی القدس ریلی امام بارگاہ جی سکس ٹو سے نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکرٹری علامہ محمد امین شہیدی، مرکزی سیکرٹری امور جوانان علامہ اعجاز حسین بہشتی، مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود نثار فیضی، ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ فخر علوی اور آئی ایس او راولپنڈی کے ڈویژنل صدر برادر تقی حید نے کی۔
شرکائے ریلی نے بڑے بڑے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی مسلمانوں پر صیہونی درندوں کے مظالم اور قبلہ اول کی آزادی کے مطالبات پر مبنی نعرے درج تھے، شرکائے ریلی نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی، القدس ریلی اے کے فضل حق روڈ سے گزرتی ہوئی پارلیمنٹ کے سامنے پہنچی، جہاں شرکائے ریلی نے احتجاجی دھرنا دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ القدس کا مسئلہ عالمی ضمیر پر ایک بوجھ ہے اور عصر حاضر کے یزیدوں کو گزشتہ چونسٹھ برسوں سے بے نقاب کر رہا ہے، عالمی استکبار اپنے چہروں پر جتنے نقاب اوڑھ لیں، خود کو مقدس بنانے کی جتنی بھی کوشش کر لے، فلسطینی مسلمانوں کا خون اور ان کی مظلومیت ان کے چہروں کو بے نقاب کر کے رہے گی، انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ملک کی سرزمین بھی لہو لہو ہے لیکن  ان تمام مسائل کا مرکز امریکہ اور عالمی استکبار ہے، اگر ارض فلسطین آزاد ہو جائے تو پاکستان بھی آزاد ہو جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ امین شہیدی نے کہا کہ یوم القدس اسلام کا دن ہے، یہ دن قرآن کا دن ہے، غلبہ اسلام کا دن ہے، یہ دنیا والوں کو اہل اسلام کی قوت اور قدرت دکھانے کا دن ہے، یہ کسی فرقے، قوم یا قبیلے کا نہیں بلکہ ہر کلمہ گو کا دن ہے، یوم القدس کو کسی مذہب یا دین کے تناظر میں نہیں انسانی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، آج فلسطین میں جو ظلم ہو رہا ہے، وہ ظلم انسانیت پر ظلم ہے، ساٹھ برسوں سے فلسطینیوں کی چھٹی نسل اپنی سرزمین سے در بدر ہے، اور ضمیر انسانی پر ہتھوڑے بن کر برس رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بیت المقدس اللہ کا گھر ہے اور جو بھی اللہ پر ایمان رکھتا ہے اس پر لازم ہے کہ وہ آج کے دن اپنے گھر سے نکلے۔
امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی کے ڈویژنل صدر تقی حیدر نے کہا کہ آج ہزاروں فرزندان توحید نے امام خمینی رہ کی آواز کہتے ہوئے فلسطینیوں کی حمائت میں نکل کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کی سرزمین پر مظلوم فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے حق میں آواز بلند ہو رہی ہے، اس موقع پر جمیعیت علماء و مشائخ کے راہنما علامہ ایاز ظہیر ہاشمی، علامہ حیدر علوی، مفتی خطیب مصطفائی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری علامہ اصغر عسکری نے بھی خطاب کیا۔ اختتام پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود نثار فیضی نے قراداد پیش کی، جس میں سرزمین فلسطین پر صیہونی درندوں کے غاصبانہ قبضہ کی مذمت کی گئی او مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 94739

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/94739/القدس-کا-مسئلہ-عالمی-ضمیر-پر-ایک-بوجھ-ہے-جو-عصر-حاضر-کے-یزیدوں-کو-گزشتہ-64-برسوں-سے-بے-نقاب-کر-رہا-مقررین-ریلی-خطاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org