0
Sunday 8 Aug 2021 23:50

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کا نوٹس لے، علامہ باقر زیدی

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کا نوٹس لے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام غاصبانہ عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ایک مقبوضہ ریاست میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر مقامی لوگوں کی آبادکاری نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی نفی ہے۔ انہوں نے کہ ساری دنیا کے سامنے بھارت کی اصلیت واضح ہو چکی ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے کو دو سال پورے ہو چکے ہیں۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ بھارتی افواج نے سوا کروڑ سے زائد آبادی کو ان کے گھروں میں یرغمال بنایا ہوا ہے، ایسے وحشیانہ اور غیرانسانی عمل پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں کو بھی اپنا اصولی موقف پیش کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو متنبہ کرنا چاہیئے کہ وہ اس غنڈہ گردی کو ترک کرے اور مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کو ان کی مرضی کے مطابق آزادانہ زندگی بسر کرنے دی جائے۔ انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف کشمیری عوام کے پاس ہے، کسی دوسرے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کشمیریوں پر اپنی مرضی کے فیصلے مسلط کرے۔
خبر کا کوڈ : 947446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش