0
Sunday 8 Aug 2021 23:51

حکمران ”عوام لڑاﺅ حکومت کرو“ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جماعت اسلامی

حکمران ”عوام لڑاﺅ حکومت کرو“ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ نے وفاقی اور سندھ حکومت کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے تمام تر حکومتی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے، وفاقی و صوبائی حکومتیں وزراء و مشیروں کی تعداد میں مقابلہ کی بجائے کارکردگی پر توجہ دیں، 54 وزراء، مشیر و خصوصی معاونین کی کابینہ حکومتی دعوؤں کی نفی اور قومی دولت کا ضیاع ہے، کراچی تا کشمور سندھ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، عملی طور ڈاکو راج قائم ہے، 14 اگست ملکی تاریخ کا اہم دن ہے، اس کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منا کر نوجوان نسل کو پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔ قباء آڈیٹوریم کراچی میں جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا سندھ میں 13 سالہ دور حکومت ناکامی کا دور ہے، تیل، گیس، کوئلے سمیت قدرتی معدنیات سے مالا مال خوشحال سندھ کے عوام حکمرانوں کی کرپشن و انااہلی کی وجہ سے آج بیروزگاری، مہنگائی، بھوک و افلاس، حتیٰ کہ صحت و تعلیم اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت و کشمیر کے بعد سندھ کو فتح کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، ملک بھر سے ہٹ کر سندھ میں لاک ڈاﺅن کے نام پر معیشت، تعلیم تباہ اور لوگوں کو فاقہ کشی پر مجبور کیا جا رہا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی بجائے وزیروں و مشیروں میں اضافہ اور ”عوام لڑاﺅ حکومت کرو“ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے قبل از وقت عام انتخابات کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، پانی، امن و امان سمیت دیگر امور پر قراردادیں منظور کرنے کے علاوہ سیاسی و تنظیمی امور پر بھی غور کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 947447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش