0
Monday 9 Aug 2021 22:23

بیوروکریسی اسی طرح معاملات چلا رہی ہے جیسے انگریز کے دور میں تھے، سراج الحق

بیوروکریسی اسی طرح معاملات چلا رہی ہے جیسے انگریز کے دور میں تھے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سونامی نے قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دھکیل دیا، ملک کے حقیقی حکمران عالمی مالیاتی ادارے ہیں، اسلام آباد میں بیٹھے لوگ صرف سہولت کار کا کام کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی ہر معاملے میں عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن لے رہی ہے۔ بلدیاتی الیکشن نہ کروا کے حکومت نے ثابت کردیا کہ ان میں اور ماضی کے حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں۔ خارجہ پالیسی سے لے کر صوبوں کے ساتھ معاملات طے کرنے تک سبھی امور میں موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ایک ہی اصول کی پیروی کی کہ سٹیٹس کو کو برقرار رکھنا ہے۔ کے پی میں غربت میں بے پناہ اضافہ ہوا، صوبے کی عوام مہنگائی کے ہاتھوں بے بس اور نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہیں۔ پی ٹی آئی کا بلین ٹری کا منصوبہ صوبے میں نظر نہیں آتا۔ تینوں پارٹیاں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ اگر ملک میں کوئی بھی حکمران آئین پر عملدرآمد کو یقینی بناتا اور اس نظام کو اپنایا جاتا جو پاکستان کے قیام کا سبب بنا تو ملک اس وقت سونے کی چڑیا ہوتا مگر 73برسوں سے عوام کا استحصال ہو رہا ہے۔ ملک میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، لاکھوں نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں۔ یہاں قانون کی بالادستی کا کوئی تصور نہیں، امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قانون ہے، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کی بات کی جاتی ہے مگر کرپٹ ٹولے کی مکمل سرپرستی ہورہی ہے۔

امیر جماعت نے کہاکہ پی ٹی آئی نے قوم کو بری طرح مایوس کیا اور تین برسوں میں ایک شعبہ میں بہتری نہیں آئی۔ عدالتوں، تھانوں، ہسپتالوں، پٹوارخانوں میں بوسیدہ اور انگریز کا دیا ہوا استحصالی نظام پوری آب و تاب کے ساتھ موجود ہے۔ بیوروکریسی اسی طرح معاملات چلا رہی ہے جیسے انگریز کے دور میں تھے۔ انہوں نے کہاکہ ان مصیبتوں سے جان چھڑانے کے لیے بھرپور عوامی جمہوری جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انتخابی نظام میں ریفارمز کے لیے بھی عوام کو ہی آواز بلندکرنا ہوگی کیونکہ یہ ثابت ہوگیا کہ ملک پر مسلط طبقہ کسی بھی صورت سسٹم کو بدلنا نہیں چاہتا۔
 
خبر کا کوڈ : 947629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش