QR CodeQR Code

فلسطینی شہداء کی بڑی تعداد نے غاصب صیہونیوں کو بھی دہلا کر رکھدیا، 40 دنوں میں 40 شہید

10 Aug 2021 23:23

غاصب صیہونی رژیم سے متعلق سیاسی و عسکری ذرائع نے صیہونی میڈیا کو بتایا ہے کہ صیہونی فوج نے گذشتہ 40 ایام میں 40 فلسطینیوں کی شہادت کے باعث خطے میں ممکنہ تناؤ کے خوف سے اپنے سپاہیوں کو حکم دیا ہے کہ اب وہ فلسطینی مظاہرین کیجانب ذرا کم فائرنگ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ عرب میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کے خون سے ہولی کھیلنے پر عالمی برادری کی مکمل خاموشی کے باوجود مظلوم فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں شہادت پر خود صیہونی فوج دہلا کر رہ گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ مئی سے اب تک مغربی کنارے میں 40 فلسطینی شہری غاصب صیہونی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہو چکے ہیں۔ عرب48 کے مطابق اسرائیلی اخبار ہاآرٹز نے اس حوالے سے صیہونی عسکری ذرائع سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسرائیلی آرمی چیف ایویوکوخاوی نے زیادہ فلسطینی شہادتوں کے باعث خطے میں وقوع پذیر ہونے والے ممکنہ تناؤ کے خوف سے اپنی فوج کو حکم دیا ہے کہ اب وہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کی جانب ذرا کم فائرنگ کیا کرے۔ رپورٹ کے مطابق، مرکزی زون کے اسرائیلی کمانڈر تمیر یدعی نے اسرائیلی فوج کے وحشیانہ طرز عمل پر تنقید کی اور کہا ہے کہ صیہونی فوج کا یہ رویہ مغربی کنارے سمیت پورے خطے میں موجود تناؤ میں اضافے کا باعث بنے گا جس کے بعد اسرائیلی چیف کمانڈر کی جانب سے فوجی افسروں کو حکم دیا گیا کہ اب وہ صورتحال کو قدرے معمول پر لائیں اور فلسطینی شہریوں کی جانب ذرا کم فائرنگ کریں۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی فوج گذشتہ 40 ایام میں 40 فلسطینی شہریوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار چکی ہے جن میں ایک تہائی کمسن فلسطینی نوجوان ہیں جبکہ عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 947861

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/947861/فلسطینی-شہداء-کی-بڑی-تعداد-نے-غاصب-صیہونیوں-کو-بھی-دہلا-کر-رکھدیا-40-دنوں-میں-شہید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org