0
Wednesday 11 Aug 2021 11:43

میرے ہندوستان کو بچالو، جسٹس کاٹجو کی مودی سے اپیل

میرے ہندوستان کو بچالو، جسٹس کاٹجو کی مودی سے اپیل
اسلام ٹائمز۔ دہلی کے جنتر منتر پر ہندو انتہا پسند تنظیموں کے ذریعہ کھلے عام مسلمانوں کو قتل کی دھمکی اور انتہائی اشتعال انگیز نعرے لگائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر کئی ہیش ٹیگ چلائے جارہے ہیں جن میں دہلی پولیس، وزیرداخلہ امت شاہ اور وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی کریں۔ مودی کی رہائشگاہ اور پارلیمنٹ سے چند قدم دوری پر اس طرح کھلے عام مسلمانوں کو قتل عام کی دھمکی اور ان کے خلاف غیر شائستہ نعرے لگائے جانے کے خلاف مختلف ہیش ٹیگ کے تحت ہزاروں ٹوئیٹ کئے جاچکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کے بعد دہلی پولیس کے ذریعہ سے نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کئے جانے پر بھی لوگ دہلی پولیس کو سخت تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز ویڈیو میں نظر آرہے ہر شخص کا نام بتا کر لوگ دہلی پولیس کو ٹیگ کررہے ہیں اور سوال پوچھ رہے کہ یہ لوگ نامعلوم کیسے ہوگئے۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے لیڈر اشونی اپادھیائے نے جنتر منتر پر اس مظاہرے کا انعقاد کیا تھا، ٹوئٹر پر اشونی اپادھیائے کی گرفتاری کے لئے بھی آواز بلند ہورہی ہے اور پولیس سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اشونی اپادھیائے کو گرفتار کرکے ان سے سبھی ملزمین کا نام پوچھا جائے۔ دوسری جانب نریندر مودی پر تصبرہ کرنے کی پاداش میں نیوز چینل ’آج تک‘ سے نکالے گئے صحافی شیام میرا سنگھ نے ’نفرت کے خلاف احتجاج‘ کے نام سے ہیش ٹیگ شروع کیا ہے، جس میں جنتر منتر پر ہندو  انتہا پسند تنظیموں کے خلاف ایک دن کے احتجاج کے لئے حمایت کی اپیل کی گئی ہے۔ ان کے ٹوئیٹر پر بھی زبردست ردعمل سامنے آرہا ہے اور لوگ اس کی حمایت کرہے ہیں۔

ادھر سپریم کورٹ کے سابق جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے بھی وزیرداخلہ امت شاہ اور وزیراعظم مودی کو ٹیگ کرتے ہوئے ویڈیو شیئر کیا ہے، جس میں کھلے عام مسلمانوں کو قتل عام کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے نریندر مودی اور امت شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ کو کوئی شک ہے تو اس ویڈیو میں آپ کی پارٹی کے لیڈران موجود ہیں جو تشدد کو بھڑکا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا ہے ’برائے مہربانی میرے ہندوستان کو بچالو‘۔ جسٹس کاٹجو کے علاوہ ہزاروں افراد امت شاہ اور دہلی پولیس کو ٹیگ کرکے ان شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ جنتر منتر پر مسلمانوں کے خلاف ہندوتوا وادی تنظیموں کے اس جلسہ میں انتہائی نفرت انگیز پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ سوشل میڈیا پر چل رہی تصاویر کے مطابق 10 سال کی عمر تک کے بچوں کے ہاتھوں میں یہ پمفلٹ موجود تھے، جن میں ہندوؤں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ اگر کمزوری دکھاؤ گے تو مسلمانوں کو قتل عام کیسے کرو گے اور ہندوستان اور پوری دنیا سے اسلام کا نام و نشان کیسے مٹاؤ گے۔
خبر کا کوڈ : 947916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش