0
Wednesday 11 Aug 2021 18:52

اقلیتیوں کیجانب ہاتھ بڑھایا گیا تو توڑ دینگے، طاہر محمد اشرفی

اقلیتیوں کیجانب ہاتھ بڑھایا گیا تو توڑ دینگے، طاہر محمد اشرفی
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام قومی یوم اقلیت کے موقع پر "ہم سب ایک ہیں، سانجھی اپنی خوشیاں اور غم ایک ہیں" کے عنوان پر سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینیئر نائب صدر جاوید فاروقی، سیکرٹری زاہد چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر، ممبر گورننگ باڈی حسنین چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر محمد اشرفی، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹن، رکن قومی اسمبلی جمشید تھامس، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی و اقلیتی امور پنجاب اسمبلی سردار خلیل طاہر سندھو، بابا گرونانک سوسائٹی کے بانی سردار بھشن سنگھ، پریس بریٹیرین چرچ آف پاکستان کے موریڈیٹر ڈاکٹر مجیب ایبل، انٹل لیکچوئل فورم کے محمد اسلم خان، پاکستان پپلزپارٹی کے چوہدری سجاد نذیر، سماجی کارکن خالد شہزاد اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور صحافیوں کی کثیرتعداد شریک ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ 11 اگست علامت ہے کہ ملک کی اقلیت اہم ہے، پاکستان ہم سب کی محنت و جدوجہد سے وجود میں آیا، جس ملک میں کھڑے ہیں، وہ اقلیت کی وجہ سے ملا ہے، پاکستان میں رہنے والے ہر شخص کا آئین و قانونی حق طے کر رکھا ہے، جس نے اقلیت کی جانب ہاتھ بڑھایا تو اس کے ہاتھ توڑ دیں گے۔ اعجاز عالم آگسٹن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں قومی یوم اقلیت منا رہے ہیں، اقلیتیں کسی بھی ملک کا حسن ہوتی ہیں۔ رکن قومی اسمبلی جمشید تھامس نے خطاب میں کہا کہ شہباز بھٹی نے اس دن کو منانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہماری نوکری کے لئے کوٹہ مختص کیا اور سینیٹ میں نمائندگی دی، پاکستان اقلیت کے لئے جنت ہے، اگر بھارت میں دیکھیں تو مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت اقلیتوں کے لئے بہت کام کر رہی ہے، سکھ برادری کے لئے کرتار پور بنایا، عمران خان کی ہمیشہ کوشش ہوتی کہ اقلیت کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں۔

صدر پریس کلب ارشد انصاری نے شرکاء محفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلم، ہندو، سکھ، عیسائی سب بھائی بھائی ہیں، انیس سو تہتر کا قانون اقلیت کو تحفظ فراہم کرتا ہے، آئین پاکستان میں اقلیت کو پروٹیکٹ کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جشن آزادی کا دن محبت و بھائی چارہ کا دن ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، ہم نے ایک ہوکر اسلام و اقلیت کیلئے کام کرنا ہے، اقلیت کو حقوق دینا ہوں گے کیونکہ یہ ان کا حق ہے، محمد علی جناح نے اقلیت کے لئے جو سنہرے اصول بنائے ہیں، اس پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر جشن آزادی کی مناسبت سے بھی کیک کاٹا گیا۔
خبر کا کوڈ : 948012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش