0
Thursday 12 Aug 2021 12:30

افغانستان میں امن خطے میں استحکام کیلئے ضروری ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

افغانستان میں امن خطے میں استحکام کیلئے ضروری ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقین کو اشتراک پر مبنی ذمہ داری کے تحت مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں امن خطے میں استحکام کے لیے ضروری ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں کور کمانڈرز اجلاس سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے میں پاکستان نے معاونت اور اخلاص پر مبنی ہر ممکن سنجیدہ کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ امن کے لیے پاکستان کے عزم، روابط اور باہمی خوشحالی کے ویژن کا اعادہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ امن دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے غلط فہمیوں سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے۔ دو روزہ کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے داخلی، علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔

فورم کو پاک افغان بین الاقوامی سرحد اور پاکستان کی داخلی سلامتی بالخصوص مغربی زونز پر اس کے اثرات سمیت بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مغربی سرحد پر انتہائی چوکنا رہنے پر زور دیا۔ انہوں نے جامع بارڈر مینجمنٹ کے تحت موثر بارڈر کنٹرول کو ممکن بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مختلف النوع اور سکیورٹی چیلنجز سے موثر انداز میں نبرد آزما ہونے کے لیے عسکری قیادت نے مکمل قومی ہم آہنگی کی اپروچ کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے بہترین آپریشنل تیاریوں پر فارمیشن کمانڈرز کو سراہا۔ انہوں نے مون سون، پولیو مہم اور کورونا کے خلاف جاری قومی کوششوں میں سول انتظامیہ کی موثر اور مسلسل مدد پر بھی فارمیشنز اور ان کے کمانڈرز کی تعریف کی۔
خبر کا کوڈ : 948126
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش