0
Thursday 12 Aug 2021 23:22

چیف سیکرٹری کا دورہ ڈیرہ اسماعیل خان، شیعہ، سنی عمائدین کیساتھ اجلاس

چیف سیکرٹری کا دورہ ڈیرہ اسماعیل خان، شیعہ، سنی عمائدین کیساتھ اجلاس
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کے سلسلے میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، اور اہل سنت و اہل تشیع عمائدین ڈیرہ اور ٹانک کے ساتھ اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ محمد رمضان توقیر، مولانا قاری سراج احمد خلیل، عبدالحلیم قصوریہ، مولانا کاظم مطہری، مولانا عمیر فاروقی، قیضار خان میانخیل، سجاد شیرازی، انصار علی زیدی، فقیر شیر محمد و دیگر عمائدین شریک تھے۔ اہل سنت اور اہل تشیع علماء کی جانب سے سیکورٹی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر علماء اور عمائدین کا کہنا تھا شیعہ، سنی بھائی بھائی ہیں، ہمارا کوئی آپس میں تفرقہ نہیں ہے، ہم مل کر شرپسندی کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ اسلام محبت، بھائی چارے اور برداشت کا درس دیتا ہے، چاہے مسلک جو بھی ہو، سب مسلمان بھائی بھائی ہیں، 2009ء کے معاہدات پر عمل کیا جائے گا، اہل تشیع اور اہل سنت علماء اور عمائدین نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے پی میں جغرافیائی طور پر انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے، جس کا ہمیں پوری طرح احساس ہے، اس لئے یہاں پر امن و امان ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم سیکورٹی کے حوالے سے لوکل انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ ان شاء اللہ اپنی ہر ممکن حد تک لوگوں کو سیکورٹی دیں گے۔ دشمن کے عزائم خاک میں ملائے جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ افغانسان سے امریکی انخلا کے بعد حالات کا اثر ہمارے اوپر بھی پڑا ہے لیکن پولیس، پاک فوج اور خفیہ ادارے دن رات اپنی کوششوں میں مصروف ہیں، عوام کے تعاون سے دہشت گردوں اور غیر ملکی طاقتوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ڈیرہ کے سنی اور اہل تشیع علماء کو ایک ییج پر دیکھ کر ہم بہت خوش اور مطمئن ہیں، آپس کے اتحاد اور اتفاق کی محرام کے علاوہ بھی ہماری ضرورت ہے، ملک میں امن ہو گا تو کاروبار ہو گا، ترقی ہو گی۔ اجلاس میں کمشنر ڈیرہ، آر پی او ڈیرہ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اور اے ڈی سی ڈیرہ شریک ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 948251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش