0
Saturday 14 Aug 2021 11:10

قوم انگریزوں کے بعد اُنکے ایجنٹوں کی غلامی میں ہے، سراج الحق

عدلیہ آزاد ہے نہ میڈیا، آئین پاکستان سے کھلواڑ کیا جاتا ہے، خطاب
قوم انگریزوں کے بعد اُنکے ایجنٹوں کی غلامی میں ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ یوم آزادی کے موقع پر جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت کا کہنا تھا کہ 14 اگست کو لاکھوں لوگوں نے قربانی دی، دو قومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان بنایا گا، پاکستان لا اله الا الله کے نام پر بنا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ نبی کریم(ص) کے راستوں پر چل کر ہمارے بزرگوں نے پاکستان حاصل کیا، قیام پاکستان کے وقت ہمیں بہت ساری قربانیاں دینا پڑیں، قائد اعظم ایسا پاکستان چاہتے تھے جس میں اسلام کا نظام ہو، قائداعظم کی رحلت کے بعد چند لوگوں نے اقتدار پر قبضہ کر لیا، یہی وجہ ہے کہ پون صدی کا پاکستان حقیقی جمہوریت کی منزل حاصل نہیں کر سکا۔
 
سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم انگریزوں کے بعد ان کے ایجنٹوں کی غلامی میں ہے، عدلیہ آزاد ہے نہ میڈیا، آئین پاکستان سے کھلواڑ کیا جاتا ہے، ملک کی نظریاتی اساس پر حملے ہوتے ہیں، آدھا پاکستان گنوا چکے، بچے کھچے کی معیشت تباہ حال، ادارے زوال کا شکار ہیں، عوام اب مزید ظلم اور ناانصافی برداشت نہیں کریں گے، پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا لیکن حکومت نے پہلے سے برسر روزگار بھی بے روزگار کر دیئے۔ امیرجماعت کا کہنا تھا کہ لاکھوں بے روزگار نوجوانوں کو اسلام آباد میں لے کر جائیں گے، یوتھ پاکستان کی حقیقی تعبیر کیلئے کرپٹ نظام کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں، یوتھ ایٹم بم سے بڑی قوت، ملک کو ناقابل تسخیر بنا سکتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام مسلمانانِ برصغیر کیلئے اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ تھا، آزادی کی نعمت کی حفاظت کیلئے ہمیں یک جان ہونا پڑے گا، آئیے سودی معیشت کا مکمل بائیکاٹ کریں، آئیے ملک میں نظامِ مصطفی کے نفاذ کیلئے عملی جدوجہد کا آغاز کریں، آئیے کرپٹ عناصر کیخلاف جہاد کریں، آئیے وطنِ عزیز کو محبت اور امن کا گہوارہ بنائیں۔ سراج الحق نے کہا کہ ان لوگوں نے ہی پاکستان کے نظریہ کو بھی برباد کیا، یہاں آج بھی تین کروڑ سے زیادہ بچے تعلیم سے محروم ہیں، عام آدمی پانی سے محروم ہے، غریب کے علاج کیلئے اسپتالوں کے دروازے بند ہیں، پوری قوم پر ورلڈ بنک کی جانب سے ہتھکڑیاں ڈالی گئیں، پاکستان کا پاسپورٹ دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں سے ایک ہے، عدالتیں تو موجود ہے لیکن میسنگ پرسن  کی آواز کوئی سننے والا نہیں۔
 
سراج الحق کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ ملک میں 65 فیصد نوجوانوں کی موجودگی بہت بڑی طاقت ہے، ہم نے پاکستان ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کشمیر کاز کو نقصان پہنچا گیا، مقبوضہ کشمیر کے سید علی گیلانی نے نیلسن منڈیلا سے زیادہ وقت جیل میں کاٹا، مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں پر ظلم کی ایک طویل داستان ہے، حکومت نے ادھر تم ادھر ہم کی بنیاد پر کشمیر کو انڈیا کے حوالے کیا ہے، ہم نے کشمیر کو پاکستان بنانا ہے، خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔
خبر کا کوڈ : 948523
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش