QR CodeQR Code

افغانستان میں عاشورا طالبان کا امتحان ہے، علامہ سید جواد نقوی

15 Aug 2021 14:03

لاہور میں خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ماضی میں افغانستان میں محرم کے جلوسوں میں دھماکے ہوتے تھے، اب دیکھنا ہے طالبان اپنی بات پر قائم رہتے ہیں یا دہشتگردی ہوتی ہے، طالبان نے محرم کے حوالے سے شیعان افغانستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے افغانستان پر اپنی چڑھائی تیز کر دی ہے، حکمران اب طالبان سے پناہ کے بدلے میں علاقے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے خود کو منظم کر لیا ہے، انہوں نے اپنے تمام پڑوسی ملکوں کو بھی اعتماد میں لیا ہے اور ممکن ہے کہ نوے دن کے اندر اندر پورے افغانستان پر طالبان کا قبضہ ہو جائے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ افغانستان میں بھی محرم الحرام کی مناسبت سے ایام چل رہے ہیں، طالبان نے اکثر علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے، جن میں شیعوں کے علاقے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سب سے زیادہ غیر محفوظ شیعہ ہیں۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ افغانی شیعوں کو بھی طالبان نے اعتماد میں لیا ہے، مگر ماہ محرم عزاء کا مہینہ ہے اور افغانستان کے شیعہ بھی عزاء کو ترجیح دیتے ہیں، گذشتہ ہر سال دھماکے ہوتے رہے ہیں، اب یہ طالبان کیلئے حساس مرحلہ ہے، کیونکہ شیعہ کیلئے یہ خطرہ سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران معلوم ہوگا کہ طالبان جو کہتے ہیں، وہ ہوگا یا نہیں، اگر سابقہ سال کی طرح ہی رہا تو پھر طالبان سے سب کا اعتماد اٹھ جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 948704

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/948704/افغانستان-میں-عاشورا-طالبان-کا-امتحان-ہے-علامہ-سید-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org