QR CodeQR Code

فاسد نظام نے عوام کو جکڑ رکھا ہے، علامہ سید جواد نقوی

16 Aug 2021 14:17

لاہور میں تقریب سے خطاب میں سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت، انتخابات، پارلیمنٹ یہ سب محض ایک دھوکہ ہیں، اس نظام سے اشرافیہ کو فائدہ پہنچتا ہے، عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے، عوام کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ اس نظام کے تحت جینا ہے یا اس سے نجات حاصل کرنی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاسد نظام نے عوام کو جکڑ رکھا ہے، اس نظام سے اشرافیہ کو فائدہ پہنچتا ہے، عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے۔ اب عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اس فاسد نظام سے جان چھڑانا چاہتے ہیں یا ہمیشہ کی طرح اب بھی فریب خوردگی میں زندگی گزارنا چاہتے ہیں؟۔ علامہ جواد نقوی کا کہنا تھا کہ چند روز قبل وزیراعظم نے کہا تھا کہ ملک میں قانون کی نہیں بلکہ طاقت کی حکومت ہے، یعنی جس کی لاٹھی ہے، بھینس اسی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کے وزیراعظم کی طرف سے ایسا بیان آنا تمام سیاسی و سماجی حلقوں کیلئے شدید تعجب کا باعث ہے، ایک طرف وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ ملک میں قانون کی حکومت نہیں تو دوسری طرف خود اقتدار کی مسند پر براجمان بھی ہیں، اس زاویہ سے وزیر اعظم کے بیان کو دیکھا جائے تو صورتحال مزید تشویشناک ہو جاتی ہے، گویا ملک میں کوئی بھی باقاعدہ نظام موجود نہیں، جمہوریت، انتخابات، پارلیمنٹ وغیرہ یہ سب ایک دھوکہ ہیں، جو عوام کیساتھ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں عوام کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے کہ جس ملک میں صبح شام شفاف جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے، وہاں کا وزیراعظم اعتراف کر رہا ہے کہ ملک میں قانون کی بجائے طاقت کی حکومت ہے۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ قوم نے جشن آزادی منایا ہے، اگر ہم اس سال گزشتہ پچہتر سالہ تاریخِ پاکستان کا جائزہ لیں تو معلوم ہوگا کہ وزیراعظم کا بیان سو فیصد حقیقت پر مبنی ہے اور یہ وہ سچ ہے جسے ہمیشہ عوام سے چھپایا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اس فاسد نظام سے جان چھڑانا چاہتے ہیں یا ہمیشہ کی طرح اب بھی فریب خوردگی میں زندگی گزارنا چاہتے ہیں؟


خبر کا کوڈ: 948851

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/948851/فاسد-نظام-نے-عوام-کو-جکڑ-رکھا-ہے-علامہ-سید-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org