QR CodeQR Code

کوئٹہ، عاشورہ کے جلوس کی سکیورٹی پر اعلیٰ سطحی اجلاس

16 Aug 2021 21:00

اعلیٰ سطحی اجلاس میں آئی جی پولیس نے سکیورٹی پلان پیش کیا، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے اطمینان کا اظہار کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی صدارت میں کوئٹہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور محرم الحرام کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پولیس محمد طاہر رائے اور دیگر پولیس حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے عاشورہ کا سکیورٹی پلان پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں عاشورہ کے جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پولیس، لیویز، ایف سی اور انتظامیہ نے مشترکہ مربوط لائحہ عمل مرتب کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں عاشورہ کے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور طریقے سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور کمشنر کوئٹہ بھی اجلاس موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 948932

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/948932/کوئٹہ-عاشورہ-کے-جلوس-کی-سکیورٹی-پر-اعلی-سطحی-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org